درجات تعلیم

دارالعلوم میں ابتدائی تعلیم سے اعلی اسلامی تعلیم کا نظم ہے۔ دارالعلوم کا سب سے اہم کورس ’فاضل‘ ہے جو آٹھ سال پر مشتمل ہوتا ہے ۔ فاضل کورس کو عالمیت اور مولویت وغیرہ ناموں سے بھی یاد کیا جاتا ہے۔ فاضل کورس کے پہلے چار سالوں کا نظام ’مدرسہ ثانویہ‘ کی صورت میں علیحدہ ہے جس میں عربی صرف و نحو ، عربی انشاء ، منطق، ترجمہٴ قرآن ، تاریخ اور مبادی کی تعلیم دی جاتی ہے جبکہ آخری چار سالوں میں تفسیر، اصول تفسیر، فقہ، اصول فقہ، حدیث ، اصول حدیث، معانی و بلاغت وغیرہ کی تعلیم دی جاتی ہے۔ فاضل کورس کا آخری سال ’دورہ ٴ حدیث‘ سے موسوم ہے جس میں صحاحِ ستہ کے ساتھ موطا امام مالک، موطا امام محمد ، طحاوی اور شمائل ترمذی کتب حدیث روایةً و درایةً پڑھائی جاتی ہیں۔ دارالعلوم دیوبند کے فاضل کورس کو متعدد عصری جامعات جیسے مسلم یونیورسٹی علی گڈھ، مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی حیدرآباد ، ہمدرد یونیورسٹی نئی دہلی، لکھنوٴ یونیورسٹی لکھنوٴ وغیرہ میں بی اے کے مساوی تسلیم کیا جاتا ہے۔

 فاضل کے بعد تکمیلات کے نام سے تخصصات کے شعبے ہیں جن میں تفسیر، حدیث، فقہ، علوم اسلامی، ادب عربی ، تقابل ادیان و فرق وغیرہ موضوعات میں تخصص کے درجات ہیں۔ علوم اسلامیہ کے علاوہ انگریزی زبان وادب، کمپیوٹر اپلیکیشن ، صحافت وغیرہ کے کورسز بھی موجود ہیں جن سے طلبہ حسب ضابطہ استفادہ کرسکتے ہیں۔

علاوہ ازیں، شعبہٴ تجوید و حفظ قرآن کے تحت ناظرہ قرآن کے ساتھ حفظ قرآن، تجوید بروایت حفص اردو اور بروایت حفص عربی ، قرأت سبعہ اور قرأت عشرہ کے درجات قائم ہیں۔

درجہٴ دینیات کے تحت پرائمری تعلیم کا نظام قائم ہے جس میں طلبہ کو اردو ، ہندی، انگریزی کے ساتھ بنیادی ریاضی، سائنس اور سماجیات وغیرہ کی تعلیم دی جاتی ہے۔ دینیات درجہٴ پنجم میں فارسی زبان کی تعلیم دی جاتی ہے کیوں کہ اردو زبان کی مہارت اور درستگی کے لیے فارسی جاننا ضروری ہوتا ہے۔

فاضل کورس (مدت : آٹھ سال)

درجات ثانویہ

(۱) سال اول عربی

(۲) سال دوم عربی

(۳) سال سو م عربی

(۴) سال چہارم عربی

درجات متوسطہ

(۵) سال پنجم عربی

(۶) سال ششم عربی

درجات عالیہ

(۷) سال ہفتم عربی(موقوف علیہ)

(۸) سال ہشتم (دورہٴ حدیث )

تکمیلات و تخصصات

(۱) تدریب فی التدریس (دو سال)

(۱) تکمیل تفسیر(ایک سال)

(۲) تخصص فی الحدیث(دو سال)

(۳) تکمیل افتاء (ایک سال)

(۴) تدریب فی الافتاء(دو سال)

(۵) تکمیل علوم (ایک سال)

(۶) تکمیل ادب عربی(ایک سال)

(۷) تخصص فی الادب العربی(ایک سال)

(۸) ڈپلومہ ان انگلش لنگویج اینڈ لٹریچر (دو سال) شعبہٴ انگریزی زبان و ادب

(۹) ڈپلومہ ان کمپیوٹر اپلیکیشن(ایک سال) شعبہٴ کمپیوٹر

(۱۰) ڈپلومہ برائے انشاء و صحافت، (ایک سال) شیخ الہند اکیڈمی

(۱۱) تحفظ ختم نبوت (ایک سال) شعبہٴ تحفظ ختم نبوت

(۱۲) مطالعہٴ عیسائیت و دیگر مذاہب (ایک سال) شعبہٴ مطالعہٴ عیسائیت

(۱۳) تحفظ سنت (مطالعہٴ غیر مقلدیت) ،(ایک سال) شعبہٴ تحفظ سنت

(۱۴) محاضرات علمیہ (مطالعہٴ ادیان و فرق )، (ایک سال) دفتر محاضرات علمیہ

(۱۵) خوش خطی (ایک سال) شعبہٴ خوش خطی

(۱۶) خیاطی (ایک سال) شعبہٴ دارالصنائع

تجوید و حفظ قرآن

 (۱) قرأت عشرہ (ایک سال)

(۲) قرأت سبعہ(ایک سال)

(۳) تجوید بروایت حفص، عربی (ایک سال)

(۴) تجوید بروایت حفص ، اردو (دوسال)

(۵) حفظ قرآن (دو تا پانچ سال)

(۶) ناظرہ قرآن

دینیات اردو و فارسی

(۰) درجہ اطفال

(۱) درجہ اول

(۲) درجہ دوم

(۳) درجہ سوم

(۴) درجہ چہارم (فارسی)

(۵) درجہ پنجم (فارسی)