’’النہضۃ الأدبیۃ‘‘عربی سہ ماہی رسالے کا اجراء

’’النہضۃ الأدبیۃ‘‘عربی سہ ماہی رسالے کا اجراء

عربی زبان و ادب کے فروغ کے لیے دارالعلوم دیوبند کا خوش آئند قدم

از: مولانا مصلح الدین قاسمی

استاذ تفسیرو ادب دارالعلوم دیوبند

            عربی زبان اسلام کی مذہبی زبان ہے ؛ اس لیے کہ قرآن کریم -جو احکام شرعیہ کا منبع ومصدر ہے- کا نزول عربی زبان میں ہوا، احادیث مبارکہ کے ذخیرے عربی زبان میں ہیں ، اللہ رب العزت کے آخری اور برگزیدہ نبی حضرت محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی مقدس زبان عربی تھی، اسلامی علوم:تفسیر وحدیث و فقہ تصوف واخلاق اور تاریخ اسلام کا مستند اور اصل ذخیرہ عربی زبان میں ہے، اسی وجہ سے ہر زمانے میں اہل علم اس زبان کو سیکھنے اور اس میں مہارت پیدا کرنے کے لیے دل وجان سے کوشاں رہے ہیں ، مدارس اسلامیہ کے نصاب ہاے تعلیم میں بھی اس زبان پر خصوصی توجہ رہی ہے اور ام المدارس دارالعلوم دیوبند کا تو عربی زبان وادب کے فروغ میں کرداربہت روشن اور نمایاں ہے؛ چنانچہ اس کے اکابر نے مختلف موضوعات پر عربی زبان میں ایک بڑا علمی ذخیرہ یاد گار چھوڑا ہے جس سے علمی حلقے مسلسل فائدہ اٹھا رہے ہیں ۔

            نیز عربی صحافت میں بھی دارالعلوم دیوبند کا بڑا حصہ ہے، چنانچہ دوماہی مجلہدعوۃ الحق، پندرہ روزہ جریدہ الداعی،پھر ماہنامہ الداعی اور تحقیقی مجلہ الدراسات الإسلامیۃ وغیرہ اس کا بین ثبوت ہیں ۔

            بالخصوص ما ہنامہ الداعی نے عربی زبان و ادب کی حیثیت سے پورے عالم عرب میں جو مقام حاصل کیا ہے اور علمائے عرب سے جو خراج تحسین حاصل کیا وہ عالم آشکارا ہے ۔ الحمد للہ یہ ماہنامہ آج بھی دارالعلوم دیوبند کے مایۂ ناز استاذ ادب عربی حضرت مولانا نور عالم خلیل امینی زیدمجدہم کی ادارت میں ترقی کے منازل طے کر رہا ہے۔

            عرصے سے ضرورت محسوس کی جارہی تھی کہ دارالعلوم سے کوئی ایسا مجلہ شائع ہو کہ جس کی زبان کا معیار سہل وآسان ہو، جس سے طلبہ بھی استفادہ کر سکیں ، نیز عربی کا ذوق رکھنے والے ہونہار طلبہ کو بھی اس میں مضامین لکھنے کا موقع ملے، تاکہ ان کی حوصلہ افزائی ہو اور وہ مقالہ نگاری اور انشاء پردازی کے میدان میں آگے بڑھ سکیں ۔

            چنانچہ حضرات اراکین مجلس شوری دار العلوم دیوبند نے النادی الأدبی کے پلیٹ فارم سے سہ ماہی مجلہ النہضۃ الأدبیۃ کے اجراء کا فیصلہ فرماکر ایک نہایت اہم اور قابل ستائش اقدام کیاہے۔

            اس مبارک قدم سے جہاں عربی زبان وادب کو فروغ ملے گا وہیں شعبۂ ادب عربی سے منسک اور دلچسپی رکھنے والے طلبہ کو ان شاء اللہ اپنی خوابیدہ صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کا زریں موقع بھی فراہم ہوگا۔

            مجلہ النہضۃ الأدبیۃ نے محرم الحرام۱۴۴۱ھ سے اپنے سفر کا آغاز کردیا ہے، امید قوی ہے کہ یہ مجلہ بھی دارالعلوم دیوبند کے عربی ترجمان الداعی کی طرح اسلامی نسل نو کے قلوب میں عربی زبان کی محبت پیدا کریگا۔

            برادر گرامی مرتبت حضرت مولانا محمد ساجد قاسمی ہردوئی استاذ تفسیر وادب  دارالعلوم دیوبند کی ادارت میں شائع ہونے والا یہ نیا مجلہ اپنے صحیح منہج اور اس فکری روش پر گامزن رہتے ہوئے جو اکابر دارالعلوم کا طرَّئہ امتیاز ہے، مدارس عربیہ اور اسلامی یونیورسٹیز کے طلبہ کو آسان زبان میں قیمتی ادبی مواد، اچھے مضامین، منتخب تعبیرات اور عربی زبان وادب کے مختلف الانواع اسالیب پیش کرے گا، جن سے انھیں فن انشا پردازی میں ترقی کے مواقع میسر ہوں گے ، ان میں عربی زبان کا ذوق پیدا ہوگا اور مہارت حاصل کرکے دین متین کی صحیح خدمت انجام دیں گے۔

            مجلہ درج ذیل خصوصیات کا حامل ہے:

            (۱) قرآن وحدیث کے نصوص کی توضیح وتشریح ،ممتاز ادبا کے مقالات ، نوآموز اہل قلم کی نگارشات، عالمی اور مقامی خبروں ، اور الفاظ وتعبیرات جیسے مفید گوشوں پر مشتمل ہے۔

            (۲) تقریباً تمام مقالات ومضامین کا اسلوب آسان اور سہل ہے جنھیں طلبہ آسانی سے سمجھ سکتے ہیں ۔

            (۳) مضامین مختصر ہیں ، طویل نہیں ہیں کہ اکتاہت کا باعث ہوں ، لہٰذا انھیں دلچسپی کے ساتھ پڑھا جاسکتا ہے۔

            مجلہ بیس صفحات پر مشتمل ہے ، طلبہ کے لیے جس کی رعایتی قیمت  صرف 10روپیہ رکھی گئی ہے۔ جب کہ سالانہ زر اشتراک 40 روپیہ ہے۔

            قارئین حضرات ماہنامہ ’’الداعی‘‘ کے دفتر سے حاصل کر سکتے ہیں اوردارالعلوم کی ویب سائٹ پربھی اس کے شمارے دیکھ سکتے ہیں ۔

———————————————-

دارالعلوم ‏، شمارہ :4-5،    جلد:105‏،  شعبان المعظم – شوال المكرم 1442ھ مطابق   اپریل-مئی 2021ء

٭           ٭           ٭

Related Posts