از: مولانا محمد اللہ قاسمی
شعبۂ انٹرنیٹ، دارالعلوم دیوبند
حضرت مولانا محمد طلحہ سہارن پوری کا انتقال
یکم ذوالحجہ ۱۴۴۰ مطابق ۱۲؍اگست ۲۰۱۹ء کو یہ اندوہ ناک خبر ملی کہ شیخ الحدیث حضرت مولانا زکریا کاندھلوی ؒ کے فرزند ارجمند حضرت مولانا محمد طلحہ سہارنپوری اس دنیا سے کوچ کر کے راہیِ دار بقا ہوئے ، إنا للّٰہ وإنا إلیہ راجعون!آپ اکابر واسلاف کی نشانی ، علماء و عوام کے محبوب بزرگ اور خدا رسیدہ شخص تھے۔
دارالعلوم دیوبند میں آپ کے انتقال پر دعائے مغفرت اور ایصال ثواب کا اہتمام کیا گیا۔ قائم مقام مہتمم حضرت مولانا عبد الخالق صاحب مدراسی نے حضرت کے متعلقین کو تعزیت مسنونہ پیش کی اور حضرت مولانا عبد الخالق سنبھلی نائب مہتمم کی قیادت میں ایک وفد نے نماز جنازہ میں شرکت کی۔ حضرت مولانا سید ارشد صاحب مدنی نے نماز جنازہ پڑھائی۔
آ پ مظاہرعلوم سہارن پور کے سرپرست اور دارالعلوم دیوبند کی مجلسِ شوریٰ کے رکن تھے۔ ۲؍جمادی الاولیٰ ۱۳۶۰ھ/ ۲۸؍مئی ۱۹۴۱ء کو نظام الدین دہلی میں پیدا ہوئے۔ مدرسہ کاشف العلوم بستی حضرت نظام الدین دہلی اور مظاہر علوم میں تعلیم حاصل کی اور مدرسہ کاشف العلوم سے ۱۳۸۳ھ / ۱۹۶۳ء میں فراغت حاصل کی جہاں حضرت مولانا محمد یوسف ؒصاحب امیر تبلیغ، حضرت مولانا انعام الحسن صاحبؒ وغیرہ حدیث کی اعلی کتابیں پڑھاتے تھے۔ حضرت مولانا شاہ عبد القادر رائے پوریؒ سے بیعت ہوئے اور اجازت و خلافت آپ کے والد ماجد حضرت شیخ الحدیث مولانا زکریا کاندھلویؒ نے عطا فرمائی۔
۱۴۰۲ھ/ ۱۹۸۲ء میں مظاہر علوم سہارن پور کے رکن شوریٰ و سرپرست منتخب کیے گئے ۔ ۱۴۰۸ھ/ ۱۹۸۸ء میں جامعہ مظاہر علوم کے امین عام کا عہدہ شروع ہونے کے بعد آپ پہلے امین عام (جنرل سکریٹری) مقرر ہوئے اور اس منصب پر ۱۴۱۳ھ/۱۹۹۳ء تک فائز رہے۔ ۱۴۲۸ھ /۲۰۰۷ء میں دارالعلوم دیوبند کی مجلس شوریٰ کے رکن منتخب کیے گئے۔ اس کے علاوہ آپ بہت سے اہم مدارس و معاہد کے سرپرست اور مسلمانوں کی ایک بڑی تعداد کے شیخ و مرشد رہے۔
اس دور میں آپ کی ذات امت کے لیے ایک عظیم نعمت تھی، آپ کا وصال امت کے لیے ایک بڑا سانحہ ہے ، اللہ عزوجل آپ کو جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا فرمائے اور محبین و متعلقین کو صبر جمیل نصیب فرمائے ۔آمین!
حضرت مولانا عبد الخالق مدراسی کو صدمہ
۸ا؍۱گست کو قائم مقام مہتمم دارالعلوم حضرت مولانا عبد الخالق صاحب مدراسی کے بھائی جناب عبد الہادی صاحب اپنے اہل خانہ کے ساتھ کارحادثہ کا شکار ہوگئے جس میں ان کی اہلیہ موقع پر ہی انتقال کر گئیں اور وہ خود شدید زخمی ہوگئے۔ یہ واقعہ وانمباڑی (تمل ناڈو) میں پیش آیا جہاں دیر رات کو سفر کے دوران تیز بارش کی وجہ سے کار بے قابو ہوکر پلٹ گئی۔ اللہ تعالی مرحومہ کی مغفرت فرمائیں اور حضرت مولانا کے بھائی کو شفا ئے کاملہ اور ان کے اہل خانہ کو صبر جمیل عطا فرمائیں ۔
حضرت مولانا ریاض احمد قاسمی کا انتقال
جامعہ اسلامیہ خادم الاسلام ہاپوڑ کے مہتمم حضرت مولانا ریاض احمد صاحب قاسمی کا ۴؍ اگست کو انتقال ہوگیا۔ مولانا مرحوم کے صاحب زادے جناب مفتی کوکب عالم صاحب میرٹھی دارالعلوم دیوبندکے وسطیٰ ب کے استاذ ہیں ۔ مولانا ریاض احمد صاحب ۱۹۶۲ ء میں دارالعلوم دیوبند سے فارغ ہوئے اور ۱۹۶۸ء سے ہی خادم الاسلام ہاپوڑ میں بہ طور مدرس وابستہ ہوگئے تھے۔ وہ جمعیۃ علماء کی بھی سرگرم رکن تھے۔ قائم مقام مہتمم حضرت مولانا عبد الخالق مدراسی صاحب نے ان کی وفات پر مولانا کے صاحبزادگان اور جامعہ اسلامیہ خادم الاسلام کے ذمہ داران سے تعزیت کی اور حضرت مولانا عبد الخالق سنبھلی نائب مہتمم دارالعلوم نے نماز جنازہ میں شرکت کی۔
—————————————
دارالعلوم ، شمارہ : 9، جلد:103، محرم الحرام 1441ھ مطابق ستمبر 2019ء
* * *