از: مولانا محمد اللہ قاسمی
شعبۂ انٹرنیٹ، دارالعلوم دیوبند
دارالعلوم میں غیر ملکی مہمانوں کی آمد
دہلی میں برطانوی سفارت خانہ کے فرسٹ پولیٹیکل سکریٹری ریچرڈ بارلو اور سینئر سیاسی مشیر پارول ملہوترا نے ۷؍ مارچ کو دارالعلوم دیوبند کا دورہ کیا۔ وفد نے مہتمم دارالعلوم حضرت مولانا مفتی ابوالقاسم نعمانی ، نائب مہتمم حضرت مولانا عبد الخالق مدراسی اور نائب مہتمم حضرت مولانا عبد الخالق سنبھلی وغیرہ حضرات سے ملاقا ت کی اور دارالعلوم کی مختلف عمارتوں اور دفاتر کا معائنہ کیا۔ حضرت مہتمم صاحب نے وفد سے بات چیت کے درمیان وضاحت کی دارالعلوم دیوبند ایک خالص تعلیمی ادارہ ہے اور وہ سیاسی امور کے سلسلے میں کسی طرح کے تبصرے سے گریز کرتا ہے۔
۲۶؍ مارچ کو دارالعلوم دیوبند کے ایک مغربی فاضل جان محمد بٹ (John Mohammed Butt)نے دارالعلوم کا دورہ کیا۔ موصوف ۱۹۵۰ء میں ترینداد میں پیدا ہوئے اور ابتدائی عصری تعلیم والٹن آن ٹھیمس انگلینڈ میں حاصل کی اور ایک ہپّی بن گئے۔ ۱۹۶۹ء میں پاکستان کے سوات میں آئے اور پھر اسی علاقے میں رہ گئے۔ ۱۹۷۰ء میں انھوں نے اسلام قبول کیا اور دینی تعلیم حاصل کرنی شروع کی، پھر دارالعلوم دیوبند آئے اور ۱۹۸۴ء میں فراغت حاصل کی۔ ۱۹۹۳ء میں وہ بی بی سی ورلڈ سروس کی پشتو اور دری ریڈیو سروس سے وابستہ ہوگئے ۔ اس سے پہلے وہ ۲۰۱۱ء میں دارالعلوم آئے تھے، اُس وقت بی بی سی انگلش نے ان پر ایک طویل خبر شائع کی تھی۔ فی الحال وہ افغانستان میں قیام پذیر ہیں اور وہاں مختلف علمی و صحافتی خدمات انجام دے رہے ہیں۔
ایران کی مشہور دانش گاہ المصطفیٰ انٹرنیشنل یونیورسٹی کے وائس چانسلر علی عباسی کی قیادت میں ایک سات رکنی وفد نے ۷؍ اپریل ۲۰۱۹ء کو دارالعلوم دیوبند کا دورہ کیا۔ انھوں نے خواہش ظاہر کی کہ دارالعلوم دیوبند اور المصطفیٰ انٹرنیشنل یونیورسٹی کے درمیان علمی اور تحقیقی تبادلوں کا آغاز ہو۔ حضرت مولانا مفتی ابوالقاسم نعمانی صاحب مہتمم دارالعلوم نے مہمان خانہ میں وفد کے ساتھ ملاقات اور تبادلۂ خیال کیا۔
جدید داخلوں کی تاریخ کا اعلان اور قواعد داخلہ کی اشاعت
دارالعلوم دیوبند کی مجلس تعلیمی نے نئے تعلیمی سال ۴۱-۱۴۴۰ھ میں جدید طلبہ کے داخلے اور اورقدیم طلبہ کی ترقی و تنزلی اور تکمیلات و دیگرشعبوں میں داخلے کے ضوابط و قواعد کا اعلان کیاہے۔ دارالعلوم کے دفتر تعلیمات کے ذریعہ جدید قواعد داخلہ کو شائع کیا گیا ہے۔
قواعد داخلہ کے مطابق امسال ’’درخواست برائے شرکت امتحان داخلہ‘ ‘ کی تقسیم ۲؍شوال ۱۴۴۰ھ مطابق ۶؍جون ۲۰۱۹ء پنجشنبہ سے شروع کی جائے گی اور ۵؍ شوال مطابق ۹؍جون یکشنبہ تک مسلسل تقسیم جاری رکھی جائے گی۔ روزانہ صبح کے وقت تقسیم کاسلسلہ رکھا جائے گا اور بوقت شام بعد ظہر سے واپس جمع کرنے کا سلسلہ جاری رہے گا۔ عربی درجات کے طلبہ کے لیے درخواست داخلہ کی تقسیم اور جمع کا کام صرف ۵؍ شوال تک ہی ہوگا؛ البتہ حفص اردو اور کتابت میں داخلہ کے امیدوار طلبہ کو ’’درخواست برائے شرکت امتحان داخلہ‘ ‘ کی تقسیم۹؍شوال مطابق ۱۳؍ جون کی دوپہر تک جاری رہے گی اور اسی دن شام تک جمع ہوگی۔
درخواست برائے شرکت امتحان داخلہ کی تقسیم اور مختلف درجات کے امتحانات کا نقشہ درج ذیل ہے:
درجات امتحان | تقسیم درخواست کا آغاز | جمع کرنے کی آخری تاریخ | امتحان شروع ہونے کی تاریخ |
برائے اوّل عربی تا برائے پنجم عربی | ۲؍شوال ۱۴۴۰ھ مطابق ۶؍جون ، پنجشنبہ | ۵؍شوال ۱۴۴۰ھ مطابق ۹ ؍جون، یکشنبہ | ۷؍شوال ۱۴۴۰ھ مطابق ۱۱؍جون ،سہ شنبہ |
برائے ششم عربی تا برائے ہفتم عربی | = = = = | = = = = | ۸؍شوال ۱۴۴۰ھ مطابق ۱۲؍جون ، چہار شنبہ |
برائے دورہ ٔ حدیث | = = = = | = = = = | ۹؍شوال ۱۴۴۰ھ مطابق ۱۳؍جون، پنجشنبہ |
برائے حفص اردو | = = = = | ۹؍شوال ۱۴۴۰ھ مطابق ۱۳؍جون، پنجشنبہ | ۱۸؍ شوال ۱۴۴۰ھ مطابق ۲۲؍جون، شنبہ |
عربی اول تا دورۂ حدیث مطلوب تمام درجات کے امتحان میں پہلا پرچہ موقوف علیہ ہوگا اور اس میں کامیاب ہونے پر ہی بقیہ کتابوں کا امتحان ہوگا۔ کتب ممتحنہ اور تاریخ امتحان کانقشہ حسب ذیل ہے:
درجات امتحان | موقوف علیہ پرچہ | موقوف علیہ پرچہ میں کامیابی کے بعد درج ذیل کتابوں کاامتحان ہوگا |
برائے اول عربی | گلستاں مکمل علاوہ باب پنجم (۷؍شوال مطابق ۱۱؍جون ،سہ شنبہ) | بوستاں تا ختم باب اول اور فارسی کا معلم کا تقریری امتحان (۱۰؍شوال مطابق ۱۴؍جون،جمعہ) حساب کا تحریری امتحان (۱۲؍شوال مطابق ۱۶؍جون، یکشنبہ ) |
برائے دوم عربی | شرح مائتہ عامل (۷؍شوال مطابق ۱۱؍جون ،سہ شنبہ) | ٭ میزان منشعب، پنج گنج تا خاصیات، نحومیر تا ختم مستثنیٰ ، مفتاح العربیہ ہر دو حصے اور القرأۃ الواضحہ حصہ اول کا تقریری متحان ہوگا ۔ (۱۱-۱۰؍شوال مطابق ۱۵-۱۴؍جون،جمعہ و سنیچر) |
برائے سوم عربی | ہدایۃ النحو (۷؍شوال مطابق ۱۱؍جون ،سہ شنبہ) | ٭ فصول اکبری (خاصیات)، علم الصیغہ، مرقات، قدوری تا ختم کتاب الحج ا ور القرأۃ الواضحۃ حصہ دوم کا تقریری امتحان ہوگا۔ (۱۱-۱۰؍شوال مطابق ۱۵-۱۴؍ جون،جمعہ و سنیچر) ٭ نورالایضاح مع نفحۃ الادب کا تحریری امتحان (۱۳؍شوال مطابق ۱۷؍جون ،دوشنبہ) |
برائے چہارم عربی | کافیہ (۷؍شوال مطابق ۱۱؍جون ،سہ شنبہ) | ٭ ترجمہ قرآن (سورہ ق سے آخر قرآن تک) مع قدوری (از کتاب البیوع تا ختم) کا تحریری امتحان ہوگا۔ (۱۲؍شوال مطابق ۱۶؍جون ،یکشنبہ ) ٭ شرح تہذیب مع نفحۃ العرب کا تحریری امتحان (۱۳؍شوال مطابق ۱۷؍جون ،دوشنبہ) |
برائے پنجم عربی | شرح وقایہ اول و دوم (تا کتاب العتاق) (۷؍شوال مطابق ۱۱؍جون ،سہ شنبہ) | ٭ دروس البلاغۃ مع اصول الشاشی (۱۲؍شوال مطابق ۱۶؍جون ،یکشنبہ ) ٭ ترجمہ قرآن از سورہ یوسف تا سورہ ق مع قطبی (۱۳؍شوال مطابق ۱۷؍جون ،دوشنبہ) |
برائے ششم عربی | ہدایہ اول مکمل (۸؍شوال مطابق ۱۲؍جون ، چہار شنبہ) | ٭ مختصر المعانی مع نورالانوار (۱۴؍شوال مطابق ۱۸؍جون ،سہ شنبہ) ٭ سلم العلوم مع مقامات حریری (۱۵؍شوال مطابق ۱۹؍جون ،چہار شنبہ) |
برائے ہفتم عربی | جلالین شریف (۸؍شوال مطابق ۱۲؍جون ، چہار شنبہ) | ٭ قصائد منتخبہ از دیوان متنبی مع میبذی (۱۴؍شوال مطابق ۱۸؍جون ،سہ شنبہ) ٭ ہدایہ ثانی مع حسامی (۱۵؍شوال مطابق۱۹؍جون ،چہارشنبہ) درجہ ہفتم میںجدید داخلہ کی تکمیل کیلئے قرآن کریم صحیح مخارج سے پڑھنا لازم ہوگا ، منتخب شدہ طلبہ کا امتحان لیا جائے گااور اس کے بعد ہی فارم داخلہ دیا جائے گا۔ |
برائے دورۂ حدیث | مشکوۃ شریف (۹؍شوال مطابق ۱۳؍جون، پنجشنبہ) | ٭ ہدایہ آخرین مع سراجی (۱۶؍شوال مطابق ۲۰؍جون ،پنجشنبہ) ٭ شرح عقائد مع نخبۃ الفکر (۱۷؍شوال مطابق ۲۱؍جون، جمعہ) علاوہ ازیں، پارہ عم کا صحیح مخارج کے ساتھ حفظ ہونا ضروری ہوگا اور اس کے سنانے کے بعد ہی فارم داخلہ دیا جائے گا۔ |
نئے تعلیمی سال میں درجات عربیہ کے قدیم طلبہ کی ترقی کے ساتھ دارالعلوم دیوبند کے مختلف شعبہ جات جیسے تخصصات، تکمیلات،شعبۂ تحفظ ختم نبوت، شعبۂ تحفظ سنت، شعبۂ صحافت شیخ الہنداکیڈمی، شعبۂ انگریزی، شعبۂ کمپیوٹراورشعبہ دارالصنائع میں قدیم فارغ شدہ طلبہ کے داخلے بھی ہوں گے۔
حسب سابق نئے قواعد داخلہ کو ویب سائٹ (www.darululoom-deoband.com) پر بھی شائع کیا گیا ہے، جو ہوم پیج پر ’’قواعد داخلہ‘‘ کے تحت دستیاب ہے ۔ نیز اسلامک لائبریری کے ’’نمایاں کتابیں ‘‘ اور ’’اردو کتابیں ‘ ‘سیکشن سے بھی اسے ڈاؤن لوڈ کیا جاسکتا ہے۔
—————————————–
دارالعلوم ، شمارہ : 5-6، جلد:103، رمضان – شوال 1440ھ مطابق مئی –جون 2019ء
* * *