از: مولانا محمد اللہ قاسمی
شعبۂ انٹرنیٹ، دارالعلوم دیوبند
دارالعلوم کی مجلس عاملہ کا اجلاس
دارالعلوم دیوبند کی مجلس عاملہ کا اجلاس ۴؍ فروری بروز دوشنبہ دارالعلوم کے مہمان خانہ میں منعقد ہوا جس میں مہتمم دارالعلوم حضرت مولانا مفتی ابوالقاسم صاحب نعمانی، صدر المدرسین حضرت مولانا مفتی سعید احمد صاحب پالن پوری کے علاوہ دیگر اراکین میں حضرت مولانا رحمت اللہ صاحب کشمیری، حضرت مولانا انوار الرحمن صاحب بجنوری، حضرت مولانا محمود حسن صاحب راجستھانی اور حضرت مولانا نظام الدین صاحب خاموش (مدعو خصوصی) نے شرکت کی۔ میٹنگ میں سابقہ مجلس شوری کی تعلیمی اور انتظامی امور سے متعلق رپورٹوں کا جائزہ لیا گیا اور توثیقی کاروائی عمل میں آئی۔ اس کے علاوہ تعمیرات ، تعلیمات اور آمد و صرف سے متعلق اہم امور پر غور و خوض کیا گیا ۔ اجلاس سے ایک دن قبل رکن مجلس شوریٰ حضرت مولانا محمد یعقوب مدراسی رحمۃ اللہ علیہ کے انتقال کا سانحہ پیش آگیا جس کی وجہ سے بعض اراکین مجلس عاملہ میٹنگ میں شریک نہ ہوسکے۔ اجلاس میں حضرت مولانا محمد یعقوب صاحبؒ کے علاوہ ماضی قریب میں انتقال کرنے والی دیگر شخصیات کے لیے تعزیتی قرار داد منظور کی گئی۔
رابطۂ مدارس اسلامیہ عربیہ کی مجلس عاملہ کا اجلاس
۴؍ فروری کی شام کو دارالعلوم کے مہمان خانہ میں رابطۂ مدارس اسلامیہ عربیہ دارالعلوم دیوبند کی مجلس عاملہ کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس کی صدارت حضرت مولانا مفتی ابوالقاسم نعمانی مدظلہ مہتمم دارالعلوم دیوبند وصدر رابطہ مدارس اسلامیہ نے کی اور ملک کی تمام ریاستوں سے تعلق رکھنے والے مجلس عاملہ کے اراکین نے شرکت کی۔ (تفصیلی رپورٹ دفتر رابطہ کی جانب سے شامل اشاعت ہے)
دارالعلوم میں انعامی جلسہ کا انعقاد
حسب روایت دارالعلوم میں امسال بھی ۷؍ فروری مطابق یکم جمادی الثانیہ ۱۴۴۰ھ جمعرات کو جلسۂ انعامیہ منعقد کیا گیا جس میں گذشتہ امتحان سالانہ میں کامیاب ہونے والے طلبہ کو خصوصی اور عمومی انعامات سے نوازا گیا۔ جلسۂ انعامی کی افتتاحی نشست کی صدارت حضرت مولانامفتی ابوالقاسم نعمانی مدظلہ نے فرمائی جس میں شیخ الحدیث و صدر المدرسین دارالعلوم حضرت مولانا مفتی سعید احمد پالن پوری مدظلہ کا خصوصی خطاب ہوا۔ جلسۂ انعامیہ میں تقریباً چار ہزار طلبہ کو تقریباً پچیس لاکھ کی کتابیں انعام میں دی گئیں جن میں درجات عربیہ و تکمیلات میں ہر درجہ میں اول ، دوم و سوم پوزیشن لانے والے طلبہ کو خصوصی انعامات بشکل کتب دیے گئے اور دیگر تمام درجات کے طلبہ کو عمومی انعامات دیے گئے۔ علاوہ ازیں ، پورے سال مسلسل حاضر رہنے والے تقریباً ساڑھے تین سو طلبہ کو نقد رقم بھی انعام میں دی گئی۔ رکن شوری حضرت مولانا بدرالدین اجمل صاحب قاسمی کی جانب سے عربی درجات و تکمیلات وغیرہ میں پوزیشن لانے والے اور پورے سال حاضر رہنے والے طلبہ کو خصوصی انعامات دیے گئے۔
جلسۂ انعامیہ کی کمیٹی کے کنوینر حضرت مولانا مفتی محمد امین پالن پوری مدظلہ اور جناب مفتی محمد راشد اعظمی مدظلہ و جناب مولانا محمد سلمان بجنوری مدظلہ اس کمیٹی کے رکن تھے۔ دو دن تک چلنے والے اس اجلاس کی تین نشستیں منعقد ہوئیں ، جناب مولانا محمد افضل صاحب کیموری نے شعبۂ تعلیمات کی سالانہ رپورٹ پیش کی۔ انعام میں دی جانے والی کتابیں مکتبہ دارالعلوم کی مطبوعہ تھیں ، انعامی کمیٹی نے جلسے کے لیے خاص طور ’رحمۃ للعالمین صلی اللہ علیہ وسلم‘ (قاضی محمد سلیمان منصور پوری)، حضرت امیر معاویہ اور تاریخ حقائق(حضرت مفتی محمد تقی عثمانی) اور قادیانی مذہب کا علمی محاسبہ( مولانا محمد الیاس برنی)شائع کرائی تھیں ۔ انعام کمیٹی اور دفتر تعلیمات کے عملہ کی شبانہ روز کی محنت سے یہ اجلاس نہایت کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔
دارالعلوم میں عرب مہمانوں کی آمد
جامع ازہر مصر کے الشیخ ڈاکٹر یاسر امام محمد صاحب اور بحرین کے اسلامی رائٹر الشیخ خالد بن محمدالانصاری نے ۳؍جنوری کو دارالعلوم کا دورہ کیا اور مہتمم صاحب سے ملاقات کی۔ مہمانوں نے گھوم پھر کر کیمپس ، جامع رشید اور کتب خانہ کا معائنہ کیا اور دارالعلوم کے تئیں اپنی محبت و عقیدت کا اظہار کیا۔ مہمانان محترم نے معائنہ بک میں اپنے تاثرات کو قلمبند بھی کیا۔
اسی طرح ۲؍ فروری کو ہیئۃ علماء فلسطین فی الخارج کے دو اہم فلسطینی علماء الشیخ ڈاکٹر ابراہیم مہنا(رئیس ہیئۃ لجنۃ البحوث والدراسات) اور الشیخ علی یوسف آل یوسف (مسؤل العلاقات والاعلام ، رابطۃ علماء فلسطین ، لبنان) نے دارالعلوم کا دورہ کیا۔ مہمانان کرام نے حضرت مہتمم صاحب اور حضرت مولانا سید ارشد مدنی استاذ حدیث دارالعلوم دیوبند وغیرہ اساتذۂ دارالعلوم سے ملاقات اور تبادلۂ خیال کیا۔ ان حضرات نے بھی معائنہ بک میں اپنے قیمتی تاثرات درج فرمائے۔
—————————————
دارالعلوم ، شمارہ : 3، جلد:103، جمادی الثانیہ – رجب المرجب 1440 مطابق مارچ 2019ء