احوال وکوائف
مولانا محمد اللہ قاسمی/ شعبہ انٹرنیٹ، دارالعلوم دیوبند
”دارالعلوم دیوبند ایک شجرہٴ طوبیٰ ہے جس کی شاخیں پورے عالم میں پھیلی ہوئی ہیں اور دارالعلوم کے فیض یافتہ علماء پوری دنیا میں دین اسلام کی روشنی پھیلارہے ہیں“ ۔ ان خیالات کا اظہار دارالعلوم دیوبند کے دورہ پر تشریف لائے، مسجد نبوی مدینہ منورہ کے استاذ حدیث فضیلة الشیخ حامد اکرم البخاری حفظہ اللہ نے مسجد رشید میں منعقد ہونے والے جلسہ استقبالیہ میں کیا ، جو مسجد نبوی کے ایک دوسرے استاذ فضیلة الشیخ عامر بن محمد فداء بہجت حفظہ اللہ کے ساتھ دارالعلوم دیوبند کے دورہ پر تشریف لائے ہوئے تھے۔
مہمان مکرم فضیلة الشیخ حامد اکرم البخاری حفظہ اللہ نے ۳۱/جنوری ۲۰۱۷/ بروز منگل بعد نماز مغرب مسجد رشید میں منعقد ہونے جلسہٴ استقبالیہ میں علم کی اہمیت و فضیلت پر خطاب کرتے ہوئے دارالعلوم سے اپنی خصوصی عقیدت ومحبت تعلق کا اظہار کیا۔ انھوں نے کہا میں بھی دارالعلوم کا فیض یافتہ ہوں کیوں کہ میرے دو اساتذہ، دارالعلوم دیوبند کے فاضل تھے۔ موصوف نے دارالعلوم کے اساتذہٴ حدیث حضرت مولانا مفتی سعید احمد پالن پوری، حضرت مولانا نعمت اللہ اعظمی، حضرت مولانا سید ارشد مدنی اور حضرت مولانا حبیب الرحمن قاسمی اعظمی سے اجازت حدیث بھی حاصل کی۔
دوسرے مہمان مکرم فضیلة الشیخ عامر بن محمد فداء بہجت حفظہ اللہ استاذ فقہ مسجد نبوی نے فقہ اسلامی کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ فقہ، اسلامی تعلیمات کا نچوڑ ہے اور اس کا مقصد قرآن وحدیث کی روشنی میں زندگی گزارنا ہے۔
قبل ازیں ،دونوں مہمانوں کا دارالعلوم کے ذمہ داران اور اساتذہ کے ذریعہ مہمان خانہ میں پرتپاک استقبال کیا گیا اور دارالعلوم کے سلسلہ میں تبادلہٴ خیال کیا گیا۔ پھر مہمانوں کو دارالعلوم کے دفاتر اور عمارات خصوصاً کتب خانہ کا معائنہ کرایا گیا۔
مسجد رشید میں جلسہٴ استقبالیہ کی صدارت دارالعلوم دیوبند کے نائب مہتمم حضرت مولانا عبد الخالق مدراسی نے کی جب کہ مولانا عارف جمیل مبارک پوری نے نظامت کے فرائض انجام دیے۔ مہمانوں کا استقبال کرنے والوں اور جلسہٴ استقبالیہ میں شرکت کرنے والوں میں حضرت مولانا سید ارشد مدنی، حضرت مولانا عبد الخالق سنبھلی نائب مہتمم، حضرت مولانا نور عالم خلیل امینی ، جناب مولانا شوکت علی قاسمی بستوی، جناب مولانا محمد سلمان بجنوری ، جناب مولانا محمد ساجد قاسمی، جناب مولانا منیرالدین احمد قاسمی ، جناب مولانا خضر محمد کشمیری وغیرہ اساتذہٴ دارالعلوم قابل ذکر ہیں۔
———————————————————–
ماہنامہ دارالعلوم ، شمارہ3، جلد:101 ، جمادی الاخری 1438 ہجری مطابق مارچ 2017ء