نام کتاب             :           ایضاح المسلم شرح صحیح مسلم (جلد اوّل و دوم)

            افادات               :           حضرت مفتی سعیداحمد پالن پوری رحمة اللہ علیہ صدرالمدرسین دارالعلوم دیوبند

            جمع وترتیب          :           جناب مولانا حسین احمد پالن پوری زیدفضلہ

             صفحات               :           ۱۲۰۰                 قیمت: (درج نہیں)

            ناشر                   :           مکتبہ حجاز دیوبند۔9997866990

            تعارف نگار           :           ڈاکٹرمولانا اشتیاق احمد قاسمی استاذ دارالعلوم دیوبند

====================

            سرورکائنات فخرموجودات حضرت نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے فرمودات کی خدمت بڑی سعادت اور خوش قسمتی کی بات ہے، خدام کے لیے آپ نے دعا فرمائی کہ اللہ تعالیٰ اس بندے کو شاداب رکھے جو میری بات سنے، اُسے یاد کرے پھر اُسے محفوظ رکھے اور اُسے دوسروں تک پہنچائے۔ (ترمذی) اَحادیث کی شرح نگاری بھی اس میں شامل ہے اور وہ اس دعا کا مصداق ہے، ”ایضاح المسلم“ صحیح مسلم کی شرح ہے، پہلی جلد میں کتاب الایمان اور دوسری میں بیوع، مساقات فرائض، ہبہ، وصیت، نذر، أیمان، قسامہ، محارب، قصاص، دیت، حدود،اقضیہ اور لقطہ کا بیان ہے۔ اس میں کتاب کی ہر باریکی کو واضح کرنے، ہر مشکل کو آسان کرنے اور ہر پوشیدگی کو کھولنے کی کوشش کی گئی ہے، شرح کا انداز یہ ہے کہ سب سے پہلے باب کے شروع میں عنوان کی وضاحت اور تمہیدی گفتگو ہے، جس میں پوری بحث کا خلاصہ آگیا ہے، اسلوب میں میانہ روی اختیار کی گئی ہے، نہ تطویل واطناب ہے کہ قاری اکتانے لگے اورنہ ایسا اختصار ہے کہ مضمون واضح نہ ہوسکے، حل عبارت میں بڑی تدقیق سے کام لیاگیا ہے؛ تاکہ کہیں تشنگی باقی نہ رہے اور دوسری شرح دیکھنے کی نوبت نہ آئے؛ اس لیے کہ تشنگی باقی رہنا شرح کا عیب ہے، جہاں مسئلہ اختلافی ہے وہاں ائمہ اربعہ کے مسالک کی وضاحت کی گئی ہے، ہر ایک کے دلائل ذکر کیے گئے ہیں، احناف کی طرف سے ہر ایک کے دلائل کا جواب دیاگیا ہے اور مسئلہ کی بنیاد واضح کی گئی ہے کہ مسئلہ نص پر مبنی ہے یا تعامل پر یا عرف وعادت یا اجماع اور قیاس پر، اسی طرح ائمہ کے اختلاف کی بنیاد کو بھی سمجھانے کی کوشش کی گئی ہے، متعدد مقامات پر مقاصد شریعت کو بھی بیان کیاگیا ہے، کم استعداد طلبہ کو ذہن میں رکھتے ہوئے عبارت پر اعراب لگایاگیا ہے اور ابواب واحادیث پر نمبرات بھی لگائے گئے ہیں۔

            معاملات کے ابواب میں آنے والے بہت سے مسائل کی بنیاد چوں کہ نصوص پر نہیں ہے؛ اس لیے ان کی عقلی علتوں کو واضح کیا گیا ہے اور چوں کہ معاملات میں آئے دن تبدیلی ہوتی رہتی ہے؛ اس لیے جزئیات کے احاطے کے بجائے اصول کو سمجھایاگیا ہے؛ تاکہ جزئیات کو ان پر منطبق کیا جاسکے۔ ان ابواب سے متعلق نئے مسائل پر بھی سیرحاصل بحث کی گئی ہے، ترجمہ میں درسی انداز کو ترجیح دی گئی ہے؛ اس لیے کہ طالب علم عموماً اسی کے عادی ہوتے ہیں، اس کے بعد متعدد مقامات پر ”ملحوظہ“ اور ”فائدہ“ کے عنوان سے تنبیہات لکھی گئی ہیں، ”حل لغات“ میں بھی قابلِ اطمینان انداز اختیار کیاگیا ہے۔ حوالہ جات میں تکملہ فتح الملہم،شرح نووی، فیض الباری اور طحاوی کے علاوہ ”صاحبِ افادات“ حضرت مفتی صاحب کی تصانیف کے حوالے ملتے ہیں؛ خصوصاً رحمة اللہ الواسعہ، تحفة القاری، تحفة الالمعی اور ہدایت القرآن وغیرہ۔

            ایضاح المسلم کی سب سے بڑی خصوصیت یہ ہے کہ شارح نے اپنے والد محترم کی تصانیف کو سامنے رکھا اور حذف واضافے کے ساتھ اُسے شرح کا حصہ بنایا ہے۔ اس کی پہلی جلد حضرت کی زندگی میں زیورطباعت سے آراستہ ہوگئی تھی، چوں کہ تحفة القاری اور تحفة الالمعی کی تصنیف میں شارح زِیْدَ فَضْلُہ حضرت والد ماجد کے ساتھ تھے؛ اس لیے اندازِ بیان، تحقیقات وتعبیرات میں کہیں بھی کسی قاری کو محسوس نہیں ہوگا کہ یہ حضرت مفتی سعیداحمد پالن پوری کی تصنیف نہیں ہے؛ کیوں نہ ہو یہ انداز حضرت ہی کا بتایا ہوا ہے۔#

باپ کا علم نہ بیٹے کو اگر ازبر ہو

پھر پسر قابلِ میراث پدر کیوں کر ہو

            غرض یہ کہ ”ایضاح المسلم“ نہایت کامیاب شرح ہے، اس کے لیے شارح مبارک باد کے مستحق ہیں، شائقین آئیں اور نوع بنوع قسم کے کھانوں سے سجے ہوئے خوانِ یغما سے لطف اندوز ہوں، راقم کے نزدیک شرح ہر طرح کی خوبیوں سے لبریز ہے۔ واللہ الموفق!

————————————————

دارالعلوم ‏، شمارہ :9-8،    جلد:106‏،  محرم الحرام – صفرالمظفر 1444ھ مطابق   اگست-ستمبر 2022ء

٭        ٭        ٭

Related Posts