از: مولانا محمد اللہ قاسمی
شعبۂ انٹرنیٹ، دارالعلوم دیوبند
دارالعلوم میں مہمانوں کی آمد
۱۷؍ دسمبر ۲۰۱۸ء کو علمائے پاکستان کے ایک پانچ رکنی پارلیمانی وفد نے دارالعلوم کا دورہ کیا۔ وفد میں مولانا عطاء الرحمن ممبر پارلیمنٹ،مولانا صلاح الدین ایوبی ممبر پارلیمنٹ، مولانا اسعد محمود (فرزند حضرت مولانا فضل الرحمن صاحب)ممبر پارلیمنٹ، مولانا عبدالواسع اور مولانا عبدالشکور شامل تھے ۔یہ حضرات جمعیۃ علمائے ہند کی دعوت پر جمعیۃ علماء کی صد سالہ سلسلۂ تقریبات کے دو روزہ سیمینار میں شرکت کرنے دہلی تشریف لائے تھے جو ۱۶-۱۵؍ دسمبر ۲۰۱۸ء کو حضرت مولانا ابوالمحاسن سجاد بہاریؒ اور حضرت مولانا محمد میاں دیوبندیؒ کی شخصیت اور خدمات کے موضوع پر منعقد ہوا تھا۔ مہمانان نے دارالعلوم میں حضرت مولانا مفتی ابوالقاسم نعمانی مہتمم دارالعلوم سے ملاقات کی اور دارالعلوم کیمپس کا معائنہ کیا۔
۱۰؍ دسمبر ۲۰۱۸ء کو عیسائی پادریوں کے ایک گیارہ رکنی وفد نے دارالعلوم کا دورہ کیا۔ ۱۱؍ نفر ی اس وفد میں ہندوستانی کیتھولک عیسائیوں کے اعلی مذہبی قائد بشپ فادر جان باسکو ، ہندوستان کے کانونٹ اسکولوں کے مذہبی سربراہ اور کیتھولک بشپ کانفرنس کے قومی سکریٹری فادر نکولس برلا ،فادر میکائل، فادر ٹی کے جوہن، ، ڈاکٹرڈنزائل فرنانڈیز، ڈاکٹر ونسنٹ ایکا، سسٹر اسنیہا، سسٹر ببیتا، سسٹر رانی وغیرہ شامل تھے۔ جناب عارض محمد صاحب حیدرآبادی کی رہنمائی میں یہ وفد دارالعلوم آیا ۔ وفد نے حضرت مولانا عبد الخالق سنبھلی نائب مہتمم دارالعلوم سے تبادلۂ خیال کیا اور اقلیتوں کے ساتھ اتحاد اور باہمی تعلقات پر زور دیا۔ وفد نے ظہر کی نماز میں شرکت کی خواہش ظاہر کی، چناں چہ حضرت نائب مہتمم صاحب کی اجازت سے ان حضرات نے دیگر تمام مصلیان کے ساتھ مسجد قدیم میں ظہر کی نماز باجماعت میں شرکت کی۔
۷؍ دسمبر کو وزیر اعلی اتراکھنڈ کے او ایس ڈی جناب ڈی ایس راوت صاحب نے دارالعلوم کا دورہ کیا اور حضرت مولانا عبد الخالق مدراسی قائم مقام مہتمم دارالعلوم سے ملاقات کی۔ اس سے قبل انکم ٹیکس ڈپارٹمنٹ کے چیف کمشنر جناب رجنی کانت گپت اور جوائنٹ کمشنر جے پی سنگھ نے دارالعلوم کا دورہ کیا تھا اور حضرت مہتمم صاحب اور دیگر ذمہ داران سے ملاقات کی تھی۔
—————————————-
دارالعلوم ، شمارہ : 1، جلد:103، ربیع الثانی – جمادی الاول 1440ھ جنوری 2019ء
٭ ٭ ٭