نام کتاب :           حج وعمرہ کے مشکل مسائل مع آسان طریقۂ حج وعمرہ

مؤلف    :           جناب مولانا حسین احمد صاحب ہریدواری، استاذ دارالعلوم دیوبند

صفحات   :           ۲۲۴                  قیمت:     درج نہیں

تبصرہ نگار :           محمد سلمان بجنوری

—————————–

            حج وعمرہ یازیارت حرمین کسی بھی مسلمان کے لیے زندگی کی عظیم سعادت ہے، چنانچہ ہر سال لاکھوں مسلمان اس سعادت سے بہرہ ور ہوتے ہیں؛ لیکن افسوس کا مقام ہے کہ اُن میں ایک بڑی تعداد مسائل سے ناواقفیت کی بنا پر نیکی برباد گناہ لازم کا مصداق بن جاتی ہے، بہت سے حج یاعمرہ کرنے والوں سے ایسی غلطیاں ہوجاتی ہیں کہ ان کا حج یا عمرہ درست ہی نہیںہوتا اور سارا سفر بیکار ہوجاتاہے۔ اس لیے شدید ضرورت ہے اس بات کی کہ عازمین حج وعمرہ کو صحیح مسائل سے واقف کرایا جائے۔ اس مقصد کے لیے حضرات علماء کرام نے ہر دور میں اس موضوع پر کتابیں لکھی ہیں۔ زیرنظر کتاب بھی اسی سلسلہ کی ایک مبارک کڑی ہے۔

            اس کتاب کے مؤلف رفیق محترم جناب مولانا حسین احمد زیدمجدہم، دارالعلوم دیوبند کے ایسے فاضل استاذ ہیں جن کو تدریسی تجربہ کے ساتھ تحریری خدمات کی بھی توفیق ارزانی ہوئی ہے؛ چنانچہ ان کے قلم سے متعدد کتب درسیہ کی شروحات اور علمی وفنی کتب وجود میں آچکی ہیں۔ موصوف نے ہدایہ کی تدریس کے دوران کتاب الحج پڑھاتے ہوئے اس موضوع پر لکھنے کی ضرورت محسوس کی اور ماشاء اللہ یہ کتاب وجود میں آگئی۔

            اس کتاب کے استناد کے لیے اتنی بات کافی ہے کہ اس پرمخدومنا حضرت مولانا مفتی ابوالقاسم نعمانی صاحب دامت برکاتہم مہتمم دارالعلوم دیوبند اورمخدومنا حضرت مولانا سیدارشد مدنی صاحب دامت برکاتہم محدث دارالعلوم دیوبند نے نظر ثانی کے بعد تقریظ تحریر فرمائی ہے۔

            کتاب پر نظر ڈالنے سے اس کی تین خصوصیات بے ساختہ نظر میں آگئیں:

            (۱)       کتاب کی زبان نہایت آسان اور عام فہم ہے۔

            (۲)       اس کتاب میں اُن ستر صورتوں کو یک جا بیان کردیاگیا ہے جن سے حاجی پر دم واجب ہوجاتا ہے۔

            (۳)      خواتین سے متعلق مسائل کو یک جا بیان کردیا گیاہے۔

            مجموعی اعتبار سے یہ کتاب اس موضوع پر ایک مفید اضافہ ہے، اللہ رب العزت اس کو عوام وخواص میں قبولیت سے نوازے،آمین۔

—————————————

دارالعلوم ‏، شمارہ : 7،  جلد:102‏،  شوال- ذیقعدہ ۱۴۳۹ھ مطابق جولائی ۲۰۱۸ء

٭        ٭        ٭

Related Posts