حضرت مولانا انظر شاہ کشمیری کی وفات علمی وادبی نیز دینی دنیا کا سانحہٴ عظیم

مهتمم دارالعلوم حضرت مولانا مرغوب الرحمن صاحب کا پیغام تعزیت

دیوبند:

دارالعلوم دیوبند میں حضرت مولانا انظر شاہ مسعودی کشمیری کی وفات حسرت آیات کی خبر آتے ہی رنج وغم کا ماحول چھاگیا۔ مہتمم دارالعلوم حضرت مولانا مرغوب الرحمن صاحب نے مدرسہ میں چھٹی کا اعلان کرادیا اور دعائے مغفرت کرانے کیلئے ایک نشست کا اہتمام کیاگیا جس میں مولانا مرحوم کی علمی، ادبی، سیاسی، ثقافتی خدمات پر روشنی ڈالی گئی۔

مشکوٰة شریف اور بخاری شریف کے مستند استاذ کی حیثیت سے آپ کے گراں قدر کارناموں کو سراہا گیا۔

اس موقع پر مہتمم دارالعلوم حضرت مولانا مرغوب الرحمن صاحب نے ایک خصوصی پیغام میں دارالعلوم دیوبند کے سابق ناظم تعلیمات کی حیثیت سے آپ کی خدمات عالیہ کو خراج عقیدت پیش کیا۔ دارالعلوم میں استاذ حدیث کی حیثیت سے آپ کی علمی خدمات کو تادیر یاد کیا جاتا رہے گا۔ مہتمم صاحب نے مزید فرمایا کہ آپ ایک علمی خاندان کے چشم و چراغ تھے اور بحیثیت مقرر، مفسر، استاذ حدیث اور مترجم آپ کی خدمات زریں کو احاطہ تحریر میں لانا دور حاضر کی ضرورت ہے۔ آپ نے سیاست و ثقافت اور دینی خدمات کا حسین امتزاج پیش کیا ہے جو آنے والی نسلوں کے لئے قابل تقلید ہے۔ آپ کے اسفار زیادہ تر علمی نوعیت کے تھے اور بلاشبہ آپ کی دینی اور علمی خدمات نے عالمی سطح پر سب سے خراج تحسین حاصل کیا ہے۔

خدائے بزرگ و برتر سے دعا ہے کہ وہ آپ کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔

ایں دعاء از من و از جملہ جہاں آمین باد

جاری کردہ دفتر اہتمام دارالعلوم دیوبند

                                                                                      نائب مہتمم دارالعلوم ديوبند

_________________________________

ماہنامہ دارالعلوم ‏، شمارہ 5‏، جلد: 92 ‏، جمادی الاولی 1429 ہجری مطابق مئی 2008ء

Related Posts