از: مولانا محمد اللہ قاسمی

شعبہٴ انٹرنیٹ، دارالعلوم دیوبند

حضرت مولانا مفتی عبد القیوم رائے پوری کا انتقال

            ۱۳/ فروری ۲۰۱۸ء (۲۶/ جمادی الثانیہ ۱۳۳۹ھ ) کو خانقاہ رائے پور کے متولی و سرپرست حضرت مولانا مفتی عبد القیوم صاحب رائے پوری کے سانحہٴ انتقال پیش آیا۔ انا للہ وانا الیہ راجعون! آپ ایک عرصہ سے علیل اور صاحب فراش تھے۔ حضرت مولانا عبد الخالق مدراسی نائب مہتمم دارالعلوم دیوبند نے حضرت مفتی صاحب کے انتقال پر رنج و غم کا اظہار کیا اور حضرت کے متعلقین کو تعزیت پیش کی۔ دارالعلوم دیوبند میں ایصال ثواب اور دعائے مغفرت کرائی گئی۔

            حضرت مفتی صاحب نہایت خدا رسیدہ بزرگ تھے اور دور دور تک آپ کا فیض جاری تھا۔ ۱۹۳۲ء میں آپ کی ولادت ہوئی اور رائے پور میں ہی ابتدائی تعلیم حاصل کی۔ اولاً مظاہر علوم سے فراغت کے بعد حضرت شاہ عبد القادر رائے پوری کے حکم پر مدرسہ خادم الاسلام باغونوالی میں کئی سال تک درس دیا۔ پھر حضرت شیخ الحدیث مولانا محمد زکریا کاندھلوی کے ایماء پر مظاہر علوم سہارن پور منتقل ہوگئے جہاں درس و تدریس کے ساتھ دارالافتاء کی خدمات بھی آپ کے سپرد تھیں۔ مظاہر علوم میں ایک عرصہ تک علم خدمت کرنے کے بعد خانقاہ رحیمیہ کی سرپرستی قبول کی اور سالکین طریقت کی رہنمائی میں پوری زندگی بسر کردی۔

            اللہ تعالی حضرت مرحوم کی خدمات جلیلہ کو قبول فرمائے ، ان کی مغفرت فرمائے اور جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔ اللہ تعالی مدرسہ گلزار رحیمی اور خانقاہ رحیمیہ کو نعم البدل عطا فرمائے اور ہر طرح کے شرور و فتن سے اس کی حفاظت فرمائے۔ آمین!

———————————————

دارالعلوم ‏، شمارہ : 3،  جلد:102‏،  جمادی الآخرہ-رجب ۱۴۳۹ھ مطابق مارچ ۲۰۱۸ء

#             #             #

Related Posts