از:  مولانا مہرمحمد میانوالی

            ائمہ سلف وخلف اور تمام اہل السنۃ والجماعۃ کااس عقیدہ پر اجماع چلا آرہا ہے کہ تمام صحابہ کرامؓ بغیر کسی استثناء کے عادل اور واجب التعظیم والاحترام ہیں، ان کی روایت بلا چون وچرا قابلِ قبول اور واجب التسلیم ہے، ان میں سے کسی پر بھی طعن کرنا جائزنہیں۔ ان کے آپس کے مشاجرات کی بحث سے رکنا چاہیے۔ ہاں! ان کے دامن کی صفائی بیان کرنے کے ذکر میں کوئی مضائقہ نہیں؛ جب کہ نیت صحیح ہو۔ ان کی اجتہادی خطائوں کی صحیح تاویلیں ہیں۔

            نیز یہ کہ اس پر بھی وہ ماجور ہوںگے؛ کیونکہ حدیث نبوی میں آیا ہے کہ جب مجتہد اجتہاد کرے؛ اگر اجتہاد صحیح نکلے تو اس کو دواجر ملیںگے اوراگر غلط ہوجائے تو اس کو ایک اجر ملے گا۔ (بخاری ومسلم) صحابۂ کرامؓ میں سے حضرت علی المرتضیٰؓ حضرت عبداللہ بن عمرؓ اور حضرت براء بن عازبؓ کے صراحتاً اور بقیہ صحابہؓ کے احادیث نبویہ کے ضمن میں کئی ارشادات منقول ہیں، اس باب کا افتتاح ہم سیدنا حضرت عبداللہ بن مسعود المتوفی ۳۳ھ رضی اللہ عنہ کے اس سنہری فرمان سے کرتے ہیں:

            عن ابن مسعود قال من کان مستنًا فلیستن بمن قد مات فان الحی لا تؤمن علیہ الفتنۃ أولٰئک أصحاب محمد صلی اللّٰہ علیہ وسلم کانوا أفضل ہذہ الأمۃ وأبرہا قلوبا وأعمقہا علما وأقلہا تکلفًا اختارہم اللّٰہ لصحبۃ نبیہ ولإقامۃ دینہ فاعرفوالہم فضلہم اتبعوہم علی أثرہم وتمسکوا بما استطعتم من أخلاقہم وسیرہم فإنہم کانوا علی الہدی المستقیم۔ (رواہ رزین بحوالہ مشکوٰۃ، ص۳۲)

            ترجمہ: حضرت عبداللہ بن مسعودؓ فرماتے ہیں کہ جو شخص سنت کا اتباع کرنا چاہے تو اسے چاہیے کہ فوت شدہ بزرگانِ دین کے نقش قدم پر چلے؛ اس لیے کہ زندہ پر فتنہ کا اندیشہ رہتا ہے۔ ایسے بزرگان دین حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے صحابہؓ ہی ہیں جو سب امت سے افضل، سب امت سے زیادہ پاکیزہ دلوں والے سب امت سے بڑھ کر گہرے اور ٹھوس علم والے اور سب سے کم تکلف والے تھے، اللہ تعالیٰ نے ان کو اپنے نبی کی صحبت کے لیے اور دین کی اقامت اور سربلندی کے لیے چن لیا۔ ان کی فضیلت کو پہچانو، ان کے نقش قدم کی پیروی کرو اور ان کے اخلاق اور سیرت کو حتی الوسع اپنانے کی کوشش کرو کہ وہ سیدھی راہ پر گامزن تھے۔

چارمذاہب کے ائمہ کی شہادت

            اب حضرات ائمہ اربعہ متبوعینؒ کے اقوال ملاحظہ ہوں:

             امام اعظم نعمان بن ثابت ابوحنیفہؒ المتوفی (۱۵۰ھ) قرآن وسنت کے بعد بلا استثناء صحابۂ کرامؓ کے اقوال کو دین میں حجت سمجھتے تھے۔ کسی مسئلہ میںاگر کسی صحابیؓ سے کچھ مروی ہوتاتو اپنا اجتہاد ورائے چھوڑ دیتے تھے۔ امام ابوحنیفہؒ کا یہ قول مشہور ہے:

            اٰخذ بکتاب اللّٰہ فإن لم أجد فبسنۃ رسول اللّٰہ فإن لم أجد فبقول الصحابۃ اٰخذ بقول من شئت منہم ولا أخرج عن قولہم الٰی غیرہم۔ (تہذیب التہذیب، ج۱، ص۴۵۰ ومناقب ابی حنیفہؒ للذہبی)

            ترجمہ: میںپہلے کتاب اللہ سے استدلال کرتا ہوں اگر اس میں مجھے دلیل نہ ملے تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی سنت کو لیتا ہوں اور اگر اس میں بھی مجھے دلیل نہ ملے تو میں حسب مرضی صحابۂ کرامؓ کے اقوال سے استدلال کرتاہوں اور ان کا قول چھوڑ کر دوسروں کے قول کی طرف نہیں جاتا۔

            سنن الکبری للبیہقی میں امام شافعیؒ المتوفی (۲۰۴ھ) سے منقول ہے:

            امام شافعیؒ فرماتے ہیں کہ کسی مسئلہ میں جب تک قرآن وسنت میں دلیل موجود ہو تو اس کا علم رکھنے والے کو قرآن وسنت کی اتباع کے بغیر چارہ نہیں اور اگر قرآن وسنت میں دلیل نہ ہوتو ہم صحابۂ کرامؓ کے سب اقوال کی طرف یا ان میں سے کسی ایک کے قول کی طرف رجوع کریںگے۔

            (کچھ آگے فرماتے ہیں) جب ائمہ (خلفاء راشدینؓ) سے کچھ ثبوت نہ ملے تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے دیگر صحابہؓ دین کے امین ہیں،ہم ان کے اقوال لیںگے اور صحابۂ کرامؓ کی اتباع دوسروں کی اتباع کی بہ نسبت ہمیں زیادہ مناسب ہے۔ (ازالۃ الخفا، ج۱، ص۶۴، فصل دوم لوازم خلافت خاصہ)

            حنفیہؒ کی اصول سرخسی جلد۲ ص۱۰۶ پر امام مالکؒ المتوفی (۱۷۶ھ) کا بھی یہی مذہب بتایا ہے۔ امام مالکؒ کو صحابہؓ کی تکریم کا خاص اہتمام تھا؛ چنانچہ قاضی عیاض اور ملا علی قاریؒ شرح شفا میں فرماتے ہیں:

’’امام مالک فرماتے ہیں جس نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے صحابہؓ میںسے کسی کو برا بھلا کہا خواہ ابوبکر،عمر، عثمان، علی رضی اللہ عنہم ہوں یا حضرت معاویہؓ اور عمرو بن العاصؓ ہوں اگر یوں کہا کہ وہ کافر اور گمراہ تھے تو یہ واجب القتل ہے اوراگر عام لوگوں جیسی گالی دے تو اسے سخت سزا دی جائے۔‘‘ (شرح شفاء لملاعلی قاری، ج۲، ص۵۵۶)

            الصارم المسلول علی شاتم الرسول، ص۵۷۳ پر علامہ ابن تیمیہؒ امام احمد بن حنبلؒ المتوفی (۲۴۱ھ) سے نقل فرماتے ہیں:

            خیر الأمۃ بعد النبی صلی اللّٰہ علیہ وسلم أبوبکر وعمر بعد أبی بکر وعثمان بعد عمر و علی بعد عثمان و وقف قوم وہم خلفاء راشدون مہدیون ثم أصحاب رسول اللّٰہ صلی اللّٰہ علیہ وسلم بعد ہؤلاء الأربعۃ خیر الناس لا یجوز لأحد أن یذکر شیئًا من مساوریہم ولا یطھعن علی أحد منہم بعیب ولا نقص فمن فعل ذلک فقد وجب تأدیبہ۔ (قال فی الرسالۃ التی رواہا ابوالعباس محمد بن یعقوب الاصطخری)

            ترجمہ: حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کے بعد سب سے افضل حضرت ابوبکرؓ ہیں، ابوبکرؓ کے بعد عمرؓ ہیں، عمرؓ کے بعد عثمانؓ ہیں، عثمان ؓ کے بعد علیؓ ہیں۔ (رضی اللہ عنہم)

            (آخری قول میں) ایک جماعت نے توقف کیاہے یہ ہدایت یافتہ خلفاء راشدینؓ تھے پھر چار حضرات کے بعد سب صحابۂ کرامؓ سب سے افضل ہیں کسی کو جائز نہیں کہ ان کی برائی کرے، کسی میں کوئی عیب اور نقص کی وجہ سے اعتراض نہ کرے جس نے ایسا کیا اسے سزا دینی واجب ہے۔

            یہ تصریحات عدالت صحابۂ کرامؓ کو متضمن اورمستلزم ہیں کما لا یخفی۔

محدثین کرامؒ کی شہادت

                        امام سفیان ثوریؒ المتوفی (۱۶۷ھ) سے منقول ہے:

            قال عبد اللّٰہ بن ہاشم الطوسی حدثنا وکیع قال سمعت سفیان یقول فی قولہ تعالیٰ قل الحمد للّٰہ وسلام علیٰ عبادہ الذین اصطفیٰ، قال ہم أصحاب محمد صلی اللّٰہ علیہ وسلم (الاصابہ لحافظ بن حجر، ج۱، ص۱۳)

            ترجمہ: عبداللہ بن ہاشم طوسی کہتے ہیں کہ ہم سے وکیع بن الجراح نے سفیان ثوری سے یہ نقل کیاہے کہ اس آیت کا مصداق حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے صحابہؓ ہیں‘‘ آپ کہیے سب تعریفیں اللہ ہی کیے لیے ہیں اور اللہ کے ۔۔۔۔ پر سلامتی ہو جن کو اس نے پسند کرلیا ہے۔

            سہل بن عبد اللہ تستریؒ المتوفی کہتے ہیں جو علم وزہد اور جلالۃ شان میں مشہور ہیں کہ جس نے حضور صلی اللہ علیہ وسلم کے صحابہؓ کی تعظیم نہیں کی وہ صحیح طورپر حضور علیہ السلام پر ایمان نہیںلایا۔  (رسالہ تائید مذہب اہل سنت، ص۵۲ از مجدد الف ثانیؒ)

            علامہ مبارک بن محمد بن اثیر جزریؒ المتوفی (۶۰۶ھ) لکھتے ہیں:

            الصحابۃ رضی اللّٰہ عنہم أجمعین عدول بتعدیل اللّٰہ عز وجل ورسولہ صلی اللّٰہ علیہ وسلم لا یحتاجون إلی بحث عن عدالتہم وعلیٰ ہذا القول معظم المسلمین من الأئمۃ والعلماء من السلف والخلف۔ (جامع الاصول من احادیث الرسول، ج۱، ص۷۳)

            ترجمہ: سب صحابۂ کرام رضی اللہ عنہم عادل ہیں؛ کیونکہ اللہ تعالیٰ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم نے ان کی تعدیل کردی ہے ان کی عدالت کے متعلق بحث کرنے کی حاجت نہیں اسی اعتقاد پر مسلمانوں کے سربرآوردہ ائمۂ کرامؓ اور متقدمین متاخرین علماء کرام چلے آرہے ہیں۔

            حافظ محی الدین ابوزکریا بن شرف النوریؒ المتوفی (۶۷۱ھ) رقم طراز ہیں۔

            ولہذا اتفق أہل الحق ومن یعتد بہ فی الإجماع علی قبول شہاداتہم وروایاتہم وکمال عدالتہم رضی اللّٰہ عنہم اجمعین۔ (شرح مسلم، ج۲، ص۲۷۲)

            ترجمہ: اس لیے اہلِ حق جماعت اور جن کا اجماع معتبر ہے صحابۂ کرامؓ کی مروی احادیث کی قبولیت ان کی شہادت کی صداقت اور کامل عدالت پر متفق ہیں اللہ تعالیٰ ان سب سے راضی ہوچکا۔

            حافظ ابوعمرو یوسف بن عبد اللہ المعروف بابن عبدالبرؒ المتوفی (۴۶۳ھ) ’’الاستیعاب فی معرفتہ الاصحاب‘‘ کے آغاز میں لکھتے ہیں۔

’’سنن نبویہ کی حفاظت اور معین اسباب میں سے ان حضرات کی معرفت بھی ہے جنھوں نے سنن نبویہ (علی حبہا الصلوٰۃ والتسلیم) کو اپنے نبی سے نقل کرکے سب لوگوں تک پہنچایا اور اس کی کما حقہ حفاظت اور تبلیغ کی ہے۔ وہ لوگ آپ کے صحابۂ کرامؓ اور حواری ہیں کہ انھوں نے سنت کو محفوظ کیا اور اسلام ومسلمانوں کی خیرخواہی سمجھ کر اس فریضہ کو ادا کیا حتیٰ کہ ان کی نقل اورروایت سے دین مکمل ہوگیا اور اللہ تعالیٰ کی حجت مسلمانوں پر ثابت ہوگئی۔ یہی لوگ سب سے افضل اور سب امت سے بہتر تھے جو لوگوں کی تبلیغ کے لیے بھیجی گئی۔  ان تمام کی عدالت ثابت ہے؛ کیونکہ اللہ تعالیٰ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم نے ان کی تعریف بیان کی ہے ان لوگوں سے بڑھ کر کوئی عادل نہیںہوسکتا جن کو اللہ نے اپنے نبی کی صحبت اور مدد کے لیے چن لیا۔ اس سے بڑھ کر نہ کوئی تزکیہ کا مقام ہوسکتا ہے اور نہ ثبوتِ عدالت اس سے اکمل طریقے سے ہوسکتی ہے۔ اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں محمد رسو اللہ الخ‘‘

            آگے اسی کتاب کے ،ص۹ پر لکھتے ہیں۔

            وإن کان الصحابۃ رضی اللّٰہ عنہم قد کفینا البحث عن أحوالہم الجماع أہل الحق من المسلمین وہم أہل السنۃ والجماعۃ علیٰ أنہم عدول۔

            ترجمہ: اگرچہ سب صحابہؓ کے بارے میں ہم کافی بحث کرچکے ہیں؛کیونکہ اہل حق مسلمانوں کا جو اہل السنۃ والجماعۃ ہی ہیں اس پراجماع ہے کہ سب صحابۂ کرام رضی اللہ عنہم عدول ہیں۔

            حافظ ابن حجر عسقلانیؒ المتوفی (۸۵۲ھ) الاصابہ، ج۱، ص۱۰ پر لکھتے ہیں:

            وقال أبو محمد ابن حزمؒ الصحابۃ کلہم من أہل الجنۃ قطعا۔ قال اللّٰہ تعالیٰ لا یستوی منکم من أنفق من قبل الفتح وقاتل الآیۃ وقال تعالیٰ إن الذین سبقت لہم منا الحسنٰی۔ أولئک عنہا مبعدون فثبت أن الجمیع لأہل الجنۃ لأنہم یخاطبون بالآیۃ السابقۃ۔

            ترجمہ: علامہ ابو محمد حافظ بن حزمؒ کہتے ہیں کہ سب صحابۂ کرامؓ اہل جنت ہیں۔ اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں ’’جس نے فتحِ مکہ سے پہلے انفاق وقتال کیا، وہ اس کے برابر نہیں جس نے بعد میں انفاق وقتال کیا، الآیہ۔ نیز اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں جن لوگوں سے ہماری طرف سے بھلائی کا وعدہ ہوچکا ہے، یہ لوگ آگ سے دور رکھے جائیںگے، پس ثابت ہوا کہ تمام صحابہؓ اہلِ جنت میں سے ہیں؛ اس لیے کہ آیتِ سابقہ میں وہی (فتح مکہ سے قبل اور بعد والے مومن) مخاطب ہیں۔

            اور یہ سوال کیا جائے کہ آیت مذکورہ میں انفاق اور قتال کی قید اور ایسے ہی احسان کی قید  ہے کہ جو صحابی ان صفات سے موصوف نہ ہو یہ آیت اسے شامل نہ ہو؛ حالانکہ صحابہؓ کے ۔۔۔ ہونے کے لیے یہ صریح آیتیں ہیں اسی لیے تو مازری نے شرح برہان میں لکھا ہے کہ ’’الصحابۃ عدول‘‘ سے ہر وہ صحابی مراد نہیں جسے ایک دن یا کبھی ایک ساعت آپؐ کی زیارت نصیب ہوئی یا کسی اور غرض سے آپؐ کی خدمت میں آیا اور چلاگیا ہو؛ بلکہ اس سے وہ صحابہؓ مراد ہیں جو کافی عرصہ آپؐ کی خدمت میں رہے آپؐ کی توقیر اور نصرت کی اور آپؐ پر نازل شدہ نور کی پیروی کی تو علامہ بن حزمؒ اس کا جواب یہ دیتے ہیں۔

            والجواب عن ذلک ان التقییدات المزکورۃ أخرجت تحرج الغالب وإلا فالمراد بالإنفاق والقتال بالفعل  والقوۃ۔

            ترجمہ: اس کا جواب یہ ہے کہ مذکورہ قیدیں تغلیبی طور پرلگائی گئی ہیں کہ اکثر صحابۂ کرامؓ انفاق اور قتال کرتے تھے) ورنہ انفاق وقتال سے مراد عام ہے۔ بالفعل کیا ہو یا بالقوۃ کرنے کی طاقت رکھتے ہوں۔

            اور حافظ بن حجرؒ بھی اس قول کا تخطیہ یوں کرتے ہیں۔

’’کہ مازری کے اس قول کی کسی نے موافقت نہیں کی؛ بلکہ محققین اور فضلاء کی ایک جماعت نے اس پر طعن کیا ہے، شیخ صلاح الدین علائی کہتے ہیں کہ مازری کا یہ قول نادر ہے اس کا تقاضا یہ ہے کہ بہت سے صحابۂ کرامؓ جو صحابیت اور روایت میں مشہور ہیں ان کو عادل نہ کہا جائے، جیسے وائل بن حجر مالک بن الحویرث اور عثمان بن ابی العاص وغیرہم رضی اللہ عنہم۔ جو آپؐ کی خدمت میں وفد کی صورت میں حاضر ہوئے تھے اور تھوڑی دیر ٹھہر کر چلے گئے تھے اور اسی طرح اس قول سے وہ صحابہؓ  بھی عادل نہ ہوںگے جن کی روایت حدیث صرف ایک ہے یا آپؐ کی خدمت میں ان کی مقدارِ صحبت معلوم نہیں جیسے عرب کے قبائل وغیرہ‘‘۔

            والقول بالتعمیم ہو الذی صرح بہ الجمہور وہو المعتبر (الاصابہ، ج۱، ص۱۱)

            ترجمہ: تمام صحابۂ کرامؓ کو عادل کہنے کی ہی جمہور علماء امت نے تصریح کی ہے اور یہی معتبر مسلک ہے۔

            خطیب بغدادی ’’الکفایہ فی علوم الروایہ‘‘ میںعدالتِ صحابہؓ پر آیات قرآنیہ اور احادیث نبویہ پیش کرنے کے بعد لکھتے ہیں:

’’عدالتِ صحابہؓ کے موضوع پر احادیث بہت کثرت سے مروی ہیں ان تمام کا تقاضا یہ ہے کہ صحابۂ کرامؓ (منافی عدالت امور سے) طاہر ہوں اور قطعاً عادل اور برائیوں سے منزہ ہوں۔ اللہ تعالیٰ کی ان کی عدالت پر شہادت کے بعد۔ جوان کے باطن سے واقف ہے۔ کوئی صحابیؓ ثبوت عدالت میں کسی مخلوق کی تعدیل کا محتاج نہیں اور وہ اسی وصفت پر سمجھے جائیںگے تاآنکہ کسی سے ایسے جرم کا ثبوت ہوجائے جو نافرمانی کے قصد ہی سے – بلا احتمال غیر ہوسکتا  ہو اور تاویل کی کوئی گنجائش نہ رہے تو عدالت کی نفی تسلیم کی جائے گی؛ مگر اللہ تعالیٰ نے ان کو ایسے جرم کے ارتکاب سے بری اور ان کی شان کو اس سے برتر بنایا ہے۔ علاوہ ازیں بالفرض خدا اور رسولؐ کی جانب سے ان کی مذکورہ ثنا وتعدیل نہ بھی ہوتی تو بھی ان کی مندرجہ ذیل سیرت ان کے قطعی عادل اور گناہوں سے صاف ہونے پر قوی شہادت تھی۔ مثلاً ہجرت، جہاد فی سبیل اللہ، نصرۃ رسول اپنی جان واموال کی قربانی، اپنے آبا واجداد کو اور اولاد کو قتل کرنا، دین کی خیرخواہی اور ایمان میں قوت اور پختگی وغیرہ۔

خلاصۂ کلام یہ کہ ان کے بعد آنے والوں میں جن جن کا تزکیہ اور شہادت عدالت دی جائے گی ان سب سے وہ افضل ہیں۔ یہی مذہب تمام علماء امت اور قابل اعتماد فقہاء کا ہے۔‘‘

            اسد الغابہ فی معرفتہ الصحابہ، ج۱، ص۲ پر علامہ جزریؒ لکھتے ہیں کہ

             صحابۂ کرامؓ سب امور میں عام رواۃ کی صفات (حفظ اتقان وغیرہ) میں شریک ہیں؛ مگر جرح تعدیل میں نہیں؛کیونکہ وہ سب کے سب عادل ہی ہیں ان پر جرح کی کوئی سبیل نہیں؛ کیونکہ اللہ تعالیٰ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم نے ان کو پاک صاف اور عادل قرار دیا ہے اور یہ مشہور چیز ہے جس کے ذکر کی حاجت نہیں۔

            علامہ قرطبی مالکی محمد بناحمد الانصاریؒ المتوفی (۶۱۱ھ) لکھتے ہیں۔

            قلت فالصحابۃ کلہم عَدول أولیاء اللّٰہ تعالیٰ وأصفیائہ وحیرتہ من خلقہ بعد أنبیائہ ورسلہ ہذا مذہب أہل السنۃ والذی علیہ الجماعۃ من أئمۃ ہذہ الأمۃ۔

            ترجمہ: میں کہتاہوں سب صحابۂ کرامؓ عادل اللہ تعالیٰ کے دوست اس کے برگزیدہ بندے اورانبیاء اور رسول کے بعد اس کی سب مخلوقات سے افضل ہیں یہی اہل السنۃ والجماعۃ کا مذہب ہے اور اس پر اس امت کے ائمہ کی ایک بڑی جماعت کا اعتقادہے۔ (تفسیر قرطبی، ج۱۶، ۲۹۹)

علماء اصول حدیث کی شہادت

            امام نووی اور جلال الدین سیوطیؒ المتوفی (۹۱۱ھ) فرماتے ہیں۔

            الصحابۃ کلہم عدول مَن لَابَسَ الفِتَنَ وغیرہم فإجماع من یعتد بہ وقالت المعتزلۃ عدول إلا من قاتل علیہا وقیل اذا انفرد وقیل إلا المقاتل والمقاتل لہ۔ وہذا کلہ لیس بصواب إحسانا للظن بہم وحملا لہم فی ذلک علی الاجتہاد الماجور فیہ کلہم منہم۔ (تقریب مع شرح تدریب الراوی، ص۴۰۰)

            ترجمہ: سب صحابۂ کرامؓ عادل ہیں فتنہ سے دوچار ہونے والے بھی اور دوسرے بھی اس پر معتمد ترین علماء کا اجماع ہے۔ معتزلہ کہتے ہیں کہ حضرت علیؓ سے لڑنے والوں کے سوا سب عدول ہیں ایک قول یہ ہے کہ جب صحابیؓ تنہا روایت کرے (تو عادل شمار نہ ہوگا) ایک قول یہ بھی ہے کہ آپس میں لڑائی کرنے والے عادل نہیں۔ یہ سب اقوال درست نہیں؛ تاکہ صحابیؓ سے حسن ظنی باقی رہے اور ان مشاجرات کو اس خطِ اجتہادی پر محمول کیاجائے جس میں ہر ایک کو اجر و ثواب ملے گا۔

            سید قاسم  الامذجافی المصباح، ص۲۱۱ھ پر لکھتے ہیں۔

            والصحابۃُ کلہم عَدُولٌ رضی اللہ عنہم سواء في ذلکَ مَنْ لَابَسَ الفِتَنَ ومن لم یُلَابِسْہا وذلک مما لا یشتبہُ أحدٌ من المسلمین الذین انتہت علیہم زِعامۃ وعنہم تَصْدُر الاراء والحُجَج۔

            ترجمہ: سب صحابۂ کرامؓ عادل ہیں خواہ فتنہ میںشریک ہوئے ہوں یا نہ  اور یہ وہ عقیدہ ہے جس میں کسی ایسے مسلمان کو اشتباہ نہیں جن پرمسلمانوں کی قیادت ختم ہے اورانہی سے شرعی دلائل اور آراء منقول ہوتی ہیں۔

            علامہ ابن صلاح ابوعمر وعثمان بن عبد الرحمنؒ المتوفی (۶۴۳ھ) اپنے رسالہ ’’علوم الحدیث‘‘ المعروف بمقدمہ ابن صلاح، ص۲۶۴ میںلکھتے ہیں۔

            الثانیۃ للصحابۃ بأسرہم خصیصۃ وہی أنہ لا یُسئل عن عدالۃ أحد منہم بل ذلک أمر مفروغ عنہ لکونہم علی الإطلاق معدلین بنصوص الکتاب والسنۃ وإجماع من یعتد بہ فی الاجماع من الامۃ۔

            ترجمہ: (دوسرا فائدہ) سب صحابۂ کرامؓ کی ایک خصوصیت ہے وہ یہ کہ کسی کی عدالت کے متعلق (باز پرس کا) سوال پیدا نہیں ہوتا؛ بلکہ یہ مسئلہ طے شدہ ہے کیونکہ وہ مطلق کتاب وسنت کی نصوص اور تصریحات اورامت کے قابل اعتماد علماء کے اجماع سے عادل ہیں۔

            پھر چند احادیث اورآیات قرآنیہ پیش کرنے کے بعد فرماتے ہیں۔

’’تمام صحابہ کرامؓ کی عدالت پر سب امت متفق ہے اورجو فتنہ میں مبتلا ہوئے اجماع میں قابل اعتماد علماء کے اجماع سے وہ بھی عادل ہیں ان پر حسن ظنی رکھتے ہوئے اور جو کچھ ان کے لیے فضائل منقول ہیں ان پرنظر رکھتے ہوئے یہ عقیدہ ضروری ہے  گویا اللہ تعالیٰ نے ان کی عدالت پر اجماع قائم کرادیا؛ کیونکہ وہ شریعت کے نقل کرنے والے ہیں۔ (علوم الحدیث، ص۲۶۵)

            علی بن محمد علامہ سخاویؒ المتوفی (۶۶۳ھ) فتح المغیث جلد۴،ص۳۵ پر رقم طراز ہیں۔

            إن للصحابۃ شرفا عظیما یمنع ما حبہا میزۃ خاصۃ وہی أن جمیع الصحابۃ عند من یعتد بہ من أہل السنۃ سواء من لابس الفتن منہم ولم یلابس عدول۔ (کما فی باعث المحیثث، ص۲۰۵)

            ترجمہ: صحابہ کرامؓ کے لیے ایک بڑا شرف ہے۔ جو صحابیؓ کو خاص امتیاز بخشتا ہے وہ یہ ہے کہ جمیع صحابۂ کرامؓ قابل اعتماد علماء اہل سنت کے نزدیک عادل ہیں خواہ فتنہ سے دوچار ہوئے ہوں یا نہ۔

            علامہ محمد بن اسماعیل حسنیؒ (امیر یمانی) المتوفی ۱۱۸۲ھ لکھتے ہیں۔

            ومن مہمات ہذ الباب ای باب معرفۃ الصحابۃ القول بعدالۃ الصحابۃ کلہم فی الظاہر اعلم انہ استدل الحافظ بن حجر فی اول کتاب الإصابۃ علی عدالۃ جملۃ الصحابۃ اتفق أہل السنۃ علی أن الجمیع عدول ولم یعالو فی ذلک الاشذوذ من المبتدعۃ۔ (توضیح الافکار، ج۲، ص۲۳۴)

            ترجمہ: معرفتہ الصحابہ کے باب کے اہم مسائل میں سے یہ مسئلہ بھی ہے کہ ظاہراً تمام صحابہؓ کی عدالت کا اعتقاد رکھا جائے۔ جاننا چاہیے کہ حافظ بن حجر نے ’’اصابہ‘‘ کے شروع میں تمام صحابۂ کرامؓ کی عدالت پر (آیات قرآنیہ سے) استدلال کیا ہے، تمام اہل سنت اس عقیدہ پر متفق ہیں کہ تمام صحابہ کرامؓ عادل ہیں اور اس میں اہل سنت سے اختلاف صرف اہلِ بدعت کے چند افراد نے کیا ہے۔

            مولانا عبدالعزیز فرہاروی المتوفی (۱۳۰۰ھ) کوثر النبی، ص۷۹ میںلکھتے ہیں۔

            اجمع اہل السنت علی ان الصحابۃ کلہم عدول۔

            تمام اہل السنۃ والجماعۃ کا اجماع ہے کہ سب صحابہ کرامؓ عادل ہیں۔

علماء اصول فقہ کی شہادت

             شیخ محمد خضریؒ کی کتاب اصول فقہ ، ص۲۱۸ پر ہے۔

            الصحابۃ کلہم عدول۔

            سب صحابہ کرامؓ عدول ہیں۔

             مسلم الثبوت، ص۱۹۴ میں علامہ بہاریؒ لکھتے ہیں۔

            الأکثر الأصل فی الصحابۃ العدالۃ۔

            اکثر امت کا مذہب ہے کہ صحابہؓ میں عدالت اصل ہے۔

            علامہ ابن حاجبؒ کی تالیف شرح ’’مختصرالمنتہی‘‘ ج۲،ص۶۷ پر ہے۔

            الأکثر علی عدالۃ الصحابۃ أقول أکثر الناس علی أن الصحابۃ عدول۔

            امت کی اکثریت عدالتِ صحابہؓ کی قائل ہے میں کہتاہوں کہ اکثر لوگوں کا مذہب یہ ہے کہ سب صحابہؓ عادل ہیں۔

            یہاں الاکثر اور اکثر الناس سے مراد جمیع امت کی اکثریت ہے اہل سنت کی اکثریت مراد نہیں کیونکہ اہل سنت تو سب کے سب عدالت جمیع صحابہؓ کے قائل ہیں۔

             مسلم الثبوت کی شرح فواتح الرحموت، ج۲، ص۴۰۱ پر ہے۔

            إن عدالۃ الصحابۃ مقطوعۃ لاسیما أصحاب بدر و بیعۃ الرضوان کیف لا وقد اثنی اللّٰہ تعالیٰ علیہم فی مواضع عدیدۃ من کتابہ وبین رسول اللّٰہ صلی اللّٰہ علیہ وسلم فضائلہم غیر مرۃ۔

            ترجمہ: صحابۂ کرامؓ کی عدالت قطعی ہے خصوصاً اصحابِ بدر اور بیعت رضوان والوں کی قطعی کیوں نہ ہو؛ جب کہ اللہ تعالیٰ نے قرآن کریم میں بہت سے مقامات پر ان کی تعریف اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے کئی مرتبہ ان کے فضائل بیان فرمائے ہیں۔

            اسی کتاب میں دوسرے مقام پر بحث عدالتِ صحابہؓ میں فرماتے ہیں:

’’جاننا چاہیے کہ ان تمام صحابۂ کرامؓ کی عدالت قطعی ہے جو جنگ بدر اور بیعت رضوان میں شریک رہے۔ کسی مومن کے لائق نہیں کہ ان کی عدالت میں شک کرے؛ بلکہ جو لوگ فتحِ مکہ سے قبل ایمان لائے وہ بھی قطعی عادل اور مہاجرینؓ وانصارؓ میں داخل ہیں۔ البتہ فتح مکہ کے دن اسلام لانے والوں میں اشتباہ ہے؛ کیونکہ کچھ ان میں مؤلفۃ القلوب (جن کو مال دے کر اسلام کی طرف مائل کیاگیا) ہیں اور انہی کے بارے میں اختلاف ہے ہمارے ذمے واجب ہے کہ انکا ذکر بھلائی ہی سے کریں، خوب سمجھ لو!‘‘

            لیکن ہم پہلے ثابت کرچکے ہیں کہ فتح مکہ کے دن اسلام قبول کرنے والوں کا معاملہ متوقف اور مشتبہ ہونا صحیح نہیں ہے کیونکہ سورئہ حدید کی آیت کریمہ  ’’لا یستوی منکم من اتفق الخ‘‘  قطعیت سے ان کے جنتی ہونے پر دلالت کرتی ہے اور مؤلفۃ القلوب بھی کامل الایمان تھے۔

            اولاً: اس لیے کہاگر ان کو مذبذب یا مشکوک الایمان سمجھا جائے تو وہ زکوٰۃ کا مصرف کیسے ہوسکتے ہیں؛ جب کہ مصارف زکوٰۃ کے لیے مسلم ہونا شرط ہے۔

            ثانیاً :اس لیے کہ تالیفِ قلوب کے اس طرز نے ان کو مزید پختہ اوراسلام کا وفادار بناہی دیا ورنہ تالیف قلوب کی مشروعیت اوراس پر عمل درآمد کا کوئی فائدہ نہیں (فعل الحکیم لا یخلو عن الحکمۃ)

علماء علمِ عقائد وکلام کی شہادت

            اب علماء متکلمین وعقائد کے چند حوالہ جات ملاحظہ ہوں۔

             محقق ابن ہمامؒ کی تحریر الاصول اوراس کی شرح تقریر الاصول ، ج۲، ص۲۶۰ پر ہے۔

            علی أن ابن عبد البرؒ حکی إجماع أہل الحق من المسلمین وہم أہل السنۃ والجماعۃ علی أن الصحابۃ کلہم عدول۔

            ترجمہ: علاوہ ان دلائل کے علامہ ابن عبدالبرؒ نے اہل حق مسلمانوں کا۔ جو اہل السنۃ والجماعۃ ہی ہیں۔ اس عقیدہ پر اجماع نقل کیا ہے کہ سب صحابہ کرامؓ عادل ہیں۔

            پر آگے لکھتے ہیں۔

وقال السبکی: والقول الفصل إنا نقطع بعدالتہم من غیر التفات الیٰ ہذیان الہاذین وزیغ المبطلین وقد سلف اکتفائنا فی العدالۃ بتزکیۃ الواحد منا فکیف بمن زکاہم علام الغیوب الذی لا یعزب عن علمہ مثقال ذرۃ فی الأرض ولا فی السماء فی غیر آیاتہ۔ اھـ

            ترجمہ: علامہ سبکی المتوفی(۷۷۱ھ) کہتے ہیں کہ فیصلہ کن بات یہ ہے کہ ہم صحابۂ کرامؓ کی عدالت کے قطعیت کے ساتھ قائل ہیں اور بکواسیوںکی بکواس اور باطل پرستوں کی گمراہی کی طرف ذرہ توجہ نہیں کرتے۔ ہم پہلے بیان کرچکے ہیں کہ ہمارے جیسے ایک آدمی کے تزکیہ کرنے سے راوی عادل سمجھا جاتا ہے پس وہ لوگ کیسے عادل نہ ہوں جن کا تزکیہ اس علام الغیوب نے کئی آیات میں کیا ہے جس کے علم سے ذرہ برابر کوئی چیز زمین یا آسمان میں مخفی نہیں۔

            ملا علی قاریؒ المتوفی ۱۰۱۴ھ شرح فقہ اکبر میں فرماتے ہیں۔

            ولذلک ذہب جمہور العلماء إلی أن الصحابۃ کلہم عدول قبل فتنۃ عثمان وعلی وکذا بعدہا ولقولہ علیہ السلام أصحابی کالنجوم بایہم اقتدیتم اہتدیتم۔

            ترجمہ: اسی لیے جمہور علماء کا یہی مذہب ہے کہ سب صحابۂ کرامؓ عادل ہیں حضرت علی وعثمان (رضی اللہ عنہما) کے فتنہ سے پہلے والے بھی اور اسی طرح بعد والے بھی اور نیز اس لیے بھی کہ حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام نے فرمایا ہے میرے ساتھی ستاروں کی مثل ہیں جس کی بھی پیروی کروگے ہدایت پائوگے۔

            علامہ ابن کمال الدینؒ المتوفی ۸۰۶ھ اور کمال الدین بن شریف المتوفی ۸۰۴ھ ’’المسامرہ شرح مسایرہ‘‘ ص۳۱۳ میں لکھتے ہیں۔

            واعتقاد أہل السنۃ والجماعۃ تزکیۃ جمیع الصحابۃ رضی اللّٰہ عنہم وجوبا باثبات العدالۃ منہم والکف عن الطعن علیہم اثنی اللّٰہ سبحانہ وتعالیٰ الیہم۔

            ترجمہ: تمام اہل السنۃ والجماعۃ کا عقیدہ ہے کہ سب صحابۂ کرامؓ یقینی طور پر تزکیہ شدہ اور عادل ہیں ان کی بدگوئی سے رکنا واجب ہے۔ ان کی تعریف کرنی ضروری، جیسے اللہ سبحانہ تعالیٰ نے ان کی تعریف فرمائی ہے۔

            علامہ بن حجر ہیثمیؒ المتوفی ۹۷۴ھ لکھتے ہیں۔

’’معلوم ہونا چاہیے کہ جس مسئلہ پر اہل السنۃ والجماعۃ کا اجماع ہے وہ یہ ہے کہ ہر مسلم پر واجب ہے کہ تمام صحابۂ کرامؓ کا تزکیہ (اور احترام) یوں کرے کہ ان کے لیے عدالت کا اعتقاد رکھے۔ ان کی بدگوئی سے رکے۔ ان کی مدح وثنا کرتا رہے؛ کیونکہ اللہ تعالیٰ نے اپنی کتاب میں بہت سی آیات میں ان کی تعریف کی ہے۔ ان میں سے ایک یہ ہے ’’(اے صحابہ) تم سب امت سے بہتر ہو جو لوگوں (کی ہدایت) کے لیے بنائی گئی ہے۔‘‘ پس اللہ تعالیٰ نے تمام امتوںپر ان کی فضیلت ثابت کی ہے۔ اللہ تعالیٰ کی ان کی فضیلت پر اس شہادت کے برابر کوئی شہادت نہیں ہوسکتی؛ کیونکہ اللہ تعالیٰ نے اپنے بندوں کو اور ان سے صادر ہونے والے جمیعِ اعمالِ حسنہ کو خوب جانتے ہیں؛ بلکہ اس کو اللہ تعالیٰ کے سوا اور کوئی نہیں جانتا۔ پس جب اللہ تعالیٰ نے ان کے حق میں سب امتوں سے افضل ہونے کی گواہی دی تو ہر شخص پر واجب ہے کہ وہ اس پر اعتقاد رکھے اوراس پرایمان لائے ورنہ وہ اللہ تعالیٰ کی اس خبر دینے میں تکذیب کرے گا اور بلاشبہ جو شخص بھی کسی ایسی چیز کی حقیقت میں – جس کی خبر اللہ اور اس کے رسولؐ نے دی ہے۔ شک کرے تو وہ تمام مسلمانوں کے نزدیک کافر ٹھہرے گا۔‘‘ (الصواعق المحرقۃ لاہل الزندقۃ)

            قارئین کرام! خوف ہے کہ ایک ہی قسم کے اقوال آپ پڑھتے پڑھتے کہیں اکتا نہ جائیں بقول شاعر۔؎

اند کے پیش تو گفتم غم دل ترسیدم                    کہ دل آزردہ شوی ورنہ سخن بسیار است

            اس لیے ہر صنف کے علماء کے اقوال میں سے صرف دو چار کے لکھنے پراکتفا کیا ہے اور عقل مند آدمی کے لیے یہی کافی ہیں اور ہٹ دھرم اور معاند کے لیے دفتر کے دفتر بھی بے کار ہیں ورنہ صحابۂ کرامؓ کی عدالت اور ان کی عزت وتکریم کے ضروری ہونے پر اسی اکثیرت سے علماء امت کی تصریحات موجود ہیں کہ ان کو جمع کرنے سے ایک ضخیم جلد تیار تو ہوجائے؛ مگر وہ ختم نہ ہوں۔ اس مختصر سے مضمون میں اتنی گنجائش ہی کہاں؟ کہ صحابۂ کرامؓ کے فضائل ومحامد پر مشتمل مواد کا عشر عشیر بھی سمیٹ سکے۔؎

دامانِ نگاہ تنگ گلِ حسن تو بسیار                        گل چین بہار تو ز دامن گلہ دارد

            الغرض ہر مکتب فکر کے علماء امت نے صحابۂ کرامؓ کے دربار میں خراجِ تحسین پیش کیاہے۔ مفسرین و محدثین نے اس لیے کہ ذخیرئہ حدیث وتفسیر کے راویان اول اور انھیں حدیث وتفسیر سے ربط آشنائی دینے والے صحابۂ کرامؓ ہی ہیں۔فقہاء اور علماء اصول نے اس لیے کہانھوں نے صحابۂ کرامؓ کی مرویات اور اقوالِ طیبہ سے خوشہ چینی کرکے اجتہاد واستنباط کا ملکہ پایا اوران کے متعلق قوانین مدون کیے۔

            متکلمین اور علماء عقائد نے اس لیے بحث کی تاکہ قرآن وسنت کے ان پاسبانوں کو دشمن کے حملہ سے محفوظ رکھا جائے اوراہلِ حق کا اہلِ باطل سے امتیاز بھی ہوجائے۔ علماء رجال اورمورخین نے اس لیے مدح سرائی کی کہ صحابۂ کرامؓ کی سوانح نگاری اوران کے پاکیزہ حالات نے ان کے فن اور خدمات کو جلا بخشی اور دنیا میں ان کا نام روشن کرایا بقول حضرت حسانؓ۔

ما إن مدحتُ محمدًا بمقالتی          لکن مدحتُ مقالتی بمحمدٖ

            میں نے اپنی نظم میں حضورؐ کی تعریف نہیں کی ہاں آپؐ کے ذکر خیر سے اپنی نظم کی تعریف کردی ہے۔

            رضی اللّٰہ تعالیٰ ورسولہ عنہم اجمعین۔

            تمام علماء اصول حدیث میں سے صرف صاحب تنقیح الازہار۔ جو شیعی زیدی مسلک کے ہیں اور اس کے شارح ابراہیم وزیر یعنی امیریمانی نے ایک دو صحابہؓ کو عدالت سے مستثنیٰ کیا ہے؛ چنانچہ  ’’الصحابۃ کلہم عدول‘‘  سے استثناء کرتے ہوئے لکھتے ہیں۔  إلا من قام الدلیل علی أنہ فاسق تصریح (توضیح الافکار، ج۲، ص۴۳۶)

            (سب صحابہؓ عادل ہیں) مگر جس پر کوئی دلیل قائم ہوجائے کہ وہ صریح بے حکم تھا۔

            پھر حضرت ولید بن عقبہؓ اور یسر بن ابی ارطاۃؓ کا ذکر کیا ہے اورامیریمانی ’’روض الباسم فی الذب عن سنتہ ابی القاسم، ص۱۲۰‘‘ پر بھی عدالتِ صحابہؓ کی بحث کرتے ہوئے لکھتے ہیں:

’’محدثین نے جو یہ کہا ہے کہ سب صحابہؓ عادل ہیں تو ہ ظاہری سیرت کے اعتبار سے ہے جیسے ہم بیان کرچکے ہیں اور یہ ظاہر کی قید اس لیے ہے، تاکہ جس نے بغیر تاویل کبیرہ کا ارتکاب کیا وہ نکل جائے، جیسے ولید بن عقبہؓ اور محدثین نے کہا ہے کہ سب صحابہ علی الاطلاق عادل ہیں؛ اس لیے کہ تقریباً سبھی ایسے تھے اور بہت معمولی نادر اس سے مستثنیٰ ہوسکتے ہیں۔ پس ایسا فاسق جس نے اس زمانہ میں اپنے عمل کی کوئی تاویل ظاہر نہیں کی وہ ایسا ہی ہے، جیسے سفید رنگ کے بیل میںایک آدھا بال کالا بھی ہو۔‘‘

            مگرہم کہتے ہیں کہ ان کا یہ قول مردود ہے؛ کیونکہ خلافِ جمہور خلاف اجماع اہلِ حق ہے کسی نے بھی استثناء کو جائز قرار نہیں دیا اور حضرت ولیدؓ یا حضرت بسر بن ابی ارطاۃؓ کو جن تاریخی روایات کی بنا پر غیر عادل کہا جاتا ہے وہ روایات مخدوش ہیں؛ بلکہ اکثر مواد دشمنانِ اسلام و صحابہؓ روافض کی من گھڑت ہے نیز وہ نصوصِ قطعیہ قرآنیہ اور احادیث صحیحہ- جو جمیع صحابۂ کرامؓ کی عدالت پر روشن دلیلیں ہیں- کے مخالف ہونے کی وجہ سے مردود ہیں۔ اگر کوئی روایت قابلِ اعتماد بھی ہو تب بھی وہ مؤول اور مصروف عن الظاہر ہوگی اوراس کا کوئی جائز مقصداق اور محمل ہوگا؛ کیونکہ اس کے ظاہری وظنی مفہوم کی بدولت قرآن وحدیث اور اجماع کے قطعی الثبوت وقطعی الدلالت مفہوم کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔

            علاوہ ازیں ہمارے معاصر محققین بھی یہ ثابت کرچکے ہیں کہ حضرت ولیدؓ بن عقبہ پر شراب نوشی کا الزام کوفہ کے شریروں نے انتقامی طور پر لگایا تھا اور حضرت عثمانؓ کے سامنے انھوں نے گواہی دی تب ان پر حد جاری ہوئی بہرحال اصل الزام غلط ہے۔ (دیکھیے عادلانہ دفاع حصہ اول از مولانا نورالحسن شاہ صاحب بخاری)۔

            ایسے ہی بسر بن ابی ارطاۃ ؓ کے متعلق ظلم وستم،بچوں کو قتل کرنے مسلمانوں کو اسیربنانے کی روایات وضعی داستان سے زیادہ کچھ حیثیت نہیں رکھتیں جن کے موجد شیعہ ہیں۔

            ایسی غیرمعتبر روایات پراعتماد کرکے ہم کیسے ایک صحابیؓ سے بدظن ہوں یا ان سے عدالت ساقط کردیں؛ جب کہ سب امت کا فیصلہ سب صحابۂ کرامؓ کی عدالت کا ہے۔

            مورخین کی ایسی ہی رطب ویابس روایات کے متعلق حضرت مولانا شاہ عبدالعزیز صاحب دہلویؒ المتوفی (۱۲۳۹ھ) فرماتے ہیں

            لان المؤرخینَ ینقلون ما خَبُثَ وطابَ ولا یُمَیِّزُوْن بین الصحیح والموضوع والضعیف وأکثرہم حَاطِبُ لیلٍ وَلَا یَدْرِی ما یَجْمَعُ فالاعتماد علی ذلک فی مثلِ ہذا المقامِ الخَطْرِ والطریقِ الوَعْرِ وَالمہمۃِ القَفَرِ التی تَضِلُّ فیہ القَطَا وتَقْصُرُ دونہ الخُطَا مما لا یلیق بشأن عاقلٍ فضلا عن فاضل (مختصر التحفہ الاثنی عشریہ، ص۲۸۲)

            ترجمہ: (حضرت معاویہؓ پر سب علیؓ کے الزام کی طرف توجہ ہی نہ کی جائے) کیونکہ مورخین پاک ناپاک سب نقل کرتے ہیں۔ صحیح، من گھڑت اور کمزور روایات میں فرق نہیں کرتے ان کی اکثریت رات کو لکڑیاں جمع کرنے والے کی طرح ہے جو نہیںجانتا کہ (خشک وتر) کیا جمع کررہا ہے۔ ایسے پرخطر مقام، سنگین راستے اور بیاباں جنگل میں جس میں پرندے بھی گم ہوجاتے ہیں اور قدم وہاں پہنچنے سے قاصر رہتے ہیں۔ ایسی روایات پر اعتماد عقل مند کی شان نہیں چہ جائے کہ اہل علم وفاضل ایسا کرے۔  (واللّٰہ الہادی)

——————————————-

دارالعلوم ‏، شمارہ : 12-11،  جلد:102‏،  صفر المظفر –ربيع الثانی 1440ھ مطابق نومبر –دسمبر2018 ء

۞     ۞     ۞

Related Posts