اِذَا جَآئَکَ الَّذِیْنَ یُؤْمِنُوْنَ بِاٰیٰتِنَا فَقُلْ سَلاَمٌ عَلَیْکُمْ (پ۷ سورۃ الانعام آیت۵۴)
(ترجمہ) جب تیرے پاس وہ آئیں جو ایمان لائے ہیں ہماری باتوں پر، تو ان پر سلام کہہ دے
از: جناب خان محمد کمترؔ
پپلاں ضلع میانوالی
سیدِ کونینؐ تیرے جاں نثاروں کو سلام
یعنی گردونِ نبوت کے ستاروں کو سلام
انبیاء کے بعد شہرہ ہے انھیں کے نام کا
جن کی ہمت سے پھلا پھولا چمن اسلام کا
اُن حجازی غازیوں کو شہسواروں کو سلام
جن کی ہیبت سے لرزتے کفر کے ایوان تھے
جن سے لرزاں شام ورُوم وفارس و ایران تھا
اُن خلافتِ راشدہ کے تاجداروں کو سلام
جن کا حملہ دشمنوں کو موت کا پیغام تھا
اِس زمیں پر کفر جن سے لرزہ براندام تھا
حق کی خوشنودی کے مخلص خواستگاروں کو سلام
جب کہیں باطل سے ٹکراتے تھے حق کے پاسبان
حق پرستوں کے تماشے دیکھتا تھا آسمان
اُن کی تیغوں کی چمکتی تیز دھاروں کو سلام
ان کی کوشش سے ہمیں قرآن کی دولت ملی
ان کی ہمت سے رسول اللہ کی سنت ملی
اُن رسولِ ہاشمی کے رازداروں کو سلام
ان میں صدیقؓ وعمرؓ کی امتیازی شان ہے
سوگئے اُس گھر میں جس پر خُلد بھی قربان ہے
گنبدخضریٰ کی رونق کو بہاروں کو سلام
ہر قدم اُن کا خدا کے حکم کی تعمیل تھی
اُن کے ہر قول وعمل میں دین کی تکمیل تھی
دعوتِ دینِ اِلٰہ کے شاہکاروں کو سلام
دین کی خاطر نہ کمترؔ فکر مال وجان کی
ان صحابہؓ کی محبت جزو ہے ایمان کی
رحمۃ للعالمیں کے پاسداروں کو سلام
——————————————-
دارالعلوم ، شمارہ : 12-11، جلد:102، صفر المظفر –ربيع الثانی 1440ھ مطابق نومبر –دسمبر2018 ء
۞ ۞ ۞