از: مولانامیرزاہد قاسمی مکھیالوی
ناظم تعلیمات جامعہ فلاحِ دارین الاسلامیہ بلاسپور
تعلیم وتدریس ایک معزز اور قابلِ احترام منصب ہے،معلّم ومدرس تعلیم وتربیت کا وہ بنیادی عنصر ہے جس کے بغیر تعلیم کا تصور بھی نہیں کیا جاسکتا،گویا معلّم ہی معاشرے کا وہ بنیاد ی مرکز اور محور ہے کہ جس کے گرد تمام تعلیمی سرگرمیاں گردش کرتی ہیں،ماہرینِ تعلیم کے بقول اُستاد کا کردار ایک اچھے مالی کی طرح ہے،جس طرح باغ میں پودوں کی مناسب افزائش مالی کی بھرپور توجہ کے بغیر نہیں ہوسکتی؛اسی طرح بچوں کی تعلیم وتربیت بھی معلم کی بھر پور توجہ کے بغیر نہیں ہوسکتی۔
معلمی کا سلسلہ ایسا مقدس مشغلہ ہے جو سیدالانبیاء صلی اللہ علیہ وسلم کی ایک اعلیٰ صفت اور فرائضِ نبوت میں سے ایک فریضہ ہے۔ارشادِ باری تعالیٰ ہے : لَقَدْ مَنَّ اللّٰہُ عَلَی الْمُؤْمِنِیْنَ اِذْ بَعَثَ فِیْہِمْ رَسُوْلًا مِّنْ اَنْفُسِہِمْ یَتْلُوْاعَلَیْھِمْ اٰیٰتِہٖ وَ یُزَکِّیْہِمْ وَ یُعَلِّمُھُمُ الْکِتٰبَ وَالْحِکْمَۃَج وَاِنْ کَانُوْامِنْ قَبْلُ لَفِیْ ضَلٰلٍ مُّبِیْنo (آل عمران ۱۶۴)
حقیقت یہ ہے کہ اللہ نے مؤمنوں پر بڑا احسان کیا کہ ان کے درمیان اُنہی میں سے ایک رسول بھیجا جواُن سامنے اللہ کی آیتوں کی تلاوت کرے،اُنھیں پاک صاف بنائے،اور اُنھیں کتاب اور حکمت کی تعلیم دے؛جب کہ یہ لوگ اس سے پہلے کھلی گمراہی میں مبتلاء تھے۔(توضیح القرآن)
نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد ہے: اِنَّمَا بُعِثْتُ مُعَلِّماً (ابن ماجہ؍ دارمی) ’’مجھے معلم بناکر بھیجا گیا ‘‘ آپ صلی اللہ علیہ وسلم میں وہ تمام صفاتِ عالیہ موجود تھیں جو ایک معلمِ کامل میں مطلوب ہیں،آپﷺ کمالِ علم،خلقِ عظیم،اُسوۂ حسنہ ،کمال شفقت ورحمت جیسی صفات سے متصف تھے، آپ ﷺ کی تعلیم وتربیت خود اللہ تعالیٰ نے فرمائی،جیسا کہ قرآنِ کریم میں ارشاد ہے: وَعَلَّمَکَ مَالَمْ تَکُن تَعْلَمْ(النساء) ’’اور تم کو اُن باتوں کا علم دیا ہے جو تم نہیں جانتے تھے۔(توضیح القرآن) آپ ﷺ کی عالی صفات میں کمالِ علم،عظیم حکمت،اعلیٰ اخلاق،شاگردوں کے ساتھ شفقت ورحمت اُن کی تعلیم وتربیت کے لیے عمدہ اور مفید اُسلوبوں کا استعمال اور اس کی خبر گیر ی وغیرہ جیسے اوصاف اپنے کمال کی انتہا کو پہنچے ہوے تھے۔
لہٰذا جو مدرس واُستاذ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا نائب بننا چاہے اور فن تدریس میں کمال تک پہونچنے کا خواہش مند ہو تو اس کے لیے ضروری ہے کہ پہلے معلّمِ اعظم جناب نبی کریم ﷺ کی صفات وکمالات جو فن تدریس سے متعلق ہیں ان سے آشنا ہو اور پھر آپ کے نقشِ قدم پر چلے۔
پیغمبر علیہ الصلوٰۃ والسلام نے معلم کو انسانوں میں بہترین شخصیت قرار دیا فرمایا:’’تم میں بہترین شخص وہ ہے جو قرآن خود سیکھے اور دوسروں کو سکھائے‘‘(مشکوٰۃ) ایک حدیث میں ہے:’’خیر کی تعلیم دینے والے اُستاد کے حق میں دنیا کی ہر شئی دعا گو ہوتی ہے حتیٰ کہ سمندر کی مچھلیاں بھی‘‘ (ترمذی) ایک اور جگہ فرمایا: ’’دنیا اور جو کچھ دنیا میں ہے وہ سب ملعون ہے سوائے اللہ کے ذکر کے اور معلّمِ خیر اور متعلّم کے‘‘۔(ترمذی) اس سے آگے بڑھ کر مستجاب الدعوات رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے معلّمِ خیر کے لیے دعا فرمائی’’اللہ تعالیٰ خوش وخرم رکھے اُس شخص کو جس نے ہم سے کچھ سنا اور اسے محفوظ رکھا اور پھر آگے پہونچایا یعنی لوگوں کو بتلایا۔(ابن ماجہ)
فقیہ ابواللیث سمر قندیؒ فرماتے ہیں کہ حضرت زید بن اسلمؒ اپنے والد کے واسطہ سے ایک صحابی کا قول نقل کرتے ہیں کہ حضراتِ انبیاء علیہم السلام اور شہدائے کرام کے بعد اللہ تعالیٰ کو سب سے زیادہ محبوب معلّمین ہیں اور مساجد کے علاوہ روئے زمین کا کوئی خطہ اللہ تعالیٰ کو اس جگہ سے زیادہ محبوب نہیں جس میں اللہ کی کتاب پڑھائی جاتی ہو۔
حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہ روایت کرتے ہیں کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے حجۃ الوداع کے موقع پر یہ دعا فرمائی : ’’اَللّٰھُمَّ اغْفِرْ لِلْمُعَلِّمِیْنَ وَاَطِلْ اَعْمَارَھُمْ وَبَارِکْ لَھُمْ فِیْ کَسْبِھِمْ وَمَعَاشِھِمْ‘‘ اے اللہ!قرآن سکھانے والوں کی مغفرت فرما،اُن کی عمریں دراز فرما،اُن کی کمائی اور معاش میں برکت فرما۔(تحفۂ معلم:ص۱۹)
ٍ اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ اُستاذ کامرتبہ کتنا بڑا ہے؛ اس لیے کہا جاتا ہے کہ دنیا میں بڑی نعمت علم ہے اور علم صاحبِ علم کے تمام عیوب کو چھپا لیتا ہے؛اسی لیے معاشرہ میں اساتذہ کے بارے میں یہ بات کبھی سننے کو نہیں ملتی کہ فلاں اُستاد کالا ہے،فلاں اُستاد فلاں خاندان سے تعلق رکھتا ہے؛لہٰذا میں اس سے نہیں پڑھتا؛بلکہ حکماء فرماتے ہیں کہ بادشا ہ تو لوگوںکے دلوں پر حکومت کرتے ہیں اور معلّمین بادشاہوںپر حکومت کرتے ہیں۔
اُستاد کو اولاً اللہ کا شکر بجالانا چاہیے کہ اس ذاتِ عالی نے اس کو علم حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ دوسروں کو سکھانے کی توفیق عطا فرمائی۔
اب ہم اصحابِ تدریس کی ذمہ داریوں پر اختصار کے ساتھ روشنی ڈالتے ہیں:
سب سے پہلے تاکیدی امر یہ کہ تدریس کا عمل ریا سے خالی ہو،حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ قیامت کے دن عالم کو اللہ رب العزت طلب فرمائیں گے اور اس سے پوچھا جائے گا کہ میں نے تجھے علم دیا تھا تو نے اس کا کیا حق ادا کیا؟ وہ کہے گا الٰہ العالمین! میں نے آپ کی رضا کے لیے علم سیکھا اور دوسروں کو سکھایا کہ آپ راضی ہوجائیں ،اللہ فرمائیں گے جھوٹ بولتا ہے تو عرش اور فرش کے سارے فرشتے بھی کہیں گے جھوٹ ہے جھوٹ ہے،تونے اس لیے سیکھا اور سکھایا تھا کہ لوگ کہیں بڑا عالم ہے سو تجھے دنیا میں کہا جا چکا اور پڑھنے پڑھانے سے جو غرض تھی پوری ہوگئی،پھراللہ تعالیٰ فرشتوں کو حکم دیں گے اور وہ اس کو جہنم کی آگ میں اوندھے منہ پھینک دیں گے۔(مسلم، نسائی)
شارحینِ حدیث نے لکھا ہے کہ حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ یہ حدیث سناتے ہوے تین بارغش کھاکر گرے تھے،اور پانی کے چھینٹے ڈال کر آپ کی طبیعت کو بحال کیا گیا تھا؛لہٰذا مدرسین کو یہ دعا کرتے رہنا چاہیے کہ الٰہ العالمین! مجھے اخلاصِ نیت نصیب فرما،اور ریاکاری سے محفوظ فرمااور مدرسہ کی جو ٹوٹی پھوٹی خدمت تدریس وغیرہ کی صورت میں کررہا ہوں اس کو اپنی بارگاہ میں قبولیت عطا فرما۔
بعض بزرگوں نے فرمایا کہ کتاب میں نشانی کے لیے جو کاغذ رکھا جاتا ہے، اُستاذ کو چاہیے کہ اس پر لفظ’’اخلاص‘‘لکھ لے؛تاکہ روزانہ سبق پڑھانے بیٹھے تو اس کاغذ پر نظر پڑے گی تو استحضار ہوجائے گا کہ یہ پڑھنا پڑھانامحض اللہ تعالیٰ کو راضی کرنے کے لیے کر رہا ہوں؛اسی طرح جب گھر سے نکلے تو اس نیت کا استحضار کرلے کہ اے اللہ ! آپ کی رضا کے لیے علم پڑھانے جا رہا ہوں آپ مجھے علمِ نافع عطا فرمائیے اور مجھے اس سے ہدایت نصیب فرمایئے!
بزرگوں کا ارشاد ہے’’ماں باپ ذریعہ بنتے ہیں اولاد کو عرش سے فرش پر لانے کا‘‘اور اُستاذ تربیت کر کے اُن بچوں کو فرش سے عرش تک پہنچاتا ہے۔
اساتذۂ کرام اپنی حیثیت پہچانتے ہوے اس بات کاخیال رکھیں کہ آپ کا مقام یہ ہے کہ آپ شاگردوں کو فرش سے عرش تک پہنچاتے ہیں؛لہٰذا آپ کو ہر مرحلے پر بہت ہی مناسب رویہ اختیار کرنا پڑے گا،خصوصاً اُس وقت جب آپ کو طالبِ علم پر غصہ آئے،مثلاً بلا وجہ مہتمم تک آپ کی شکایت پہونچائی، آپ کے طرزِ بیان وغیرہ کی نقل اُتارتے وقت آپ کی نظر پڑجائے،یا باربار تنبیہ کے باوجود وہی پچھلی شرارت جاری رکھیں وغیرہ تو ایسے وقت فطری طور پراپنے شاگردوں پر شدید غصہ تو آنا ہی ہے ،اب یہ وقت ہوگا کہ اُستاذاس حقیقت کا استحضار رکھتے ہوے کہ’’اُستاد وہ ہستی ہے جس کا کام شاگردوں کی تربیت کرکے ان کو فرش سے عرش تک پہنچانا ہے‘‘ اپنی قوتِ برداشت میں اضافہ کرنے اور اس صلاحیت کو کام میں لاتے ہوے صبروتحمل کا مظاہرہ کرے۔اس وقت تنبیہ کے طور پر کوئی طرزِ عمل ایسا نہ اختیار کرے اور نہ ایسا کوئی جملہ زبان سے کہے کہ جس سے وہ بے تربیت بچہ مزید اخلاقی پستی کا شکار ہوجائے اور کہیں وہ یہ سوچنے پر مجبورنہ ہوجائے کہ انسانیت کی تربیت کرنے والے اداروں میں ہمیں سلیقہ سکھلانے والے تو وہی زبان بول رہے ہیں جو میں گلیوں اور بازاروں میں سنتا رہتا ہوں؛لہٰذا یہ بات یاد رکھیں کہ اُستاذ صرف اس وقت اُستاذ نہیں ہوتا جس وقت وہ سبق پڑھا رہا ہو؛ بلکہ وہ اس وقت بھی اُستاد ہوتا ہے جس وقت وہ شاگرد سے سبق سن رہا ہو۔شاگرد کی اچھائی سامنے آنے پر بھی وہ اُستاد ہے اور شاگرد کی برائی سامنے آنے پر بھی وہ استاد ہے،شاگر د کے ذہین اور ہوشیار ہونے پر بھی وہ اُستاد ہے،اور شاگر دکے غبی اور بے وقوف ہونے پر بھی وہ اُستاد ہے،شاگردوں کی حوصلہ افزائی کا موقع آئے تب بھی وہ اُستاد ہے اور جب اصلاح وتادیب کا وقت ہو تب بھی وہ اُستاد ہے۔
الغرض اُستاد کو مختلف اوقات میں بہت ہی زیادہ خیال رکھنا چاہیے کہ میرا کوئی فعل یا عمل ان شاگردوں کے لیے برا نمونہ نہ بن جائے،خصوصاً جب کہ زیادتی شاگردوں کی طرف سے ہو،اور ایسی زیادتی جو بہت بری ہو؛لیکن پھر بھی اُستاد کو یہی سوچنا چاہیے کہ کسی طرح یہ شاگرد اس برائی سے،اس بدتمیزی سے،اس بد اخلاقی سے بچ جائے اگر اس موقع پر میرے صبر کرنے اور اس کے لیے دعا کرنے اور پھر اکیلے میں اس کو سمجھانے سے اس کی یہ برائی ختم ہوجاتی ہے تو الحمد للہ واقعی میں اُستاد ہوں اور اللہ نے ایک بندے کی بری عادت کے چھڑانے کا ذریعہ مجھے بنادیا،اس سلسلے میں ہمارے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کا یہ مبارک عمل ہم سب کے لیے نمونہ ہے کہ حضرت انس رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ حضور صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ میں جارہا تھا اور آپ ﷺ نجرانی چادر اوڑھے ہوے تھے،جس کے کنارے موٹے تھے اچانک ایک بدو آیا اور اُس نے آپ کی چادر زور سے کھینچی میں نے دیکھا اس کی وجہ سے آپ کی گردن پر نشان پڑ گیا،پھر کہنے لگا :اے محمد!آپ کے پاس جو اللہ تعالیٰ کا مال ہے اس میں سے مجھے دینے کا حکم دیجیے۔حضورﷺ اس کی طر ف متوجہ ہوے،ہنسے اور اُس کو دینے کا حکم دیا۔ایک حدیث میں ہے کہ اس بد و نے آپ کی چادر کو اتنی زور سے کھینچا کے آپ اس کے سینے سے جالگے اور ہمام کی روایت میں ہے کہ اتنے زور سے چادر کھینچی کہ وہ پھٹ گئی اور اس کا کنارہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی گردن میں رہ گیا۔(صحیح مسلم)
اس حدیث میں جاہل لوگوں کی باتوں اور طرزِ عمل پر صبر،اور ان سے بحث ومباحثہ اور لڑائی جھگڑے سے بچنے کی اور برائی کو بھلائی کے ذریعے دور کرنے کی ترغیب دی گئی ہے؛لہٰذا ہر اُستاذ کو چاہیے کہ وہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے اس واقعے کو یاد رکھیں کہ ہمارے نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے اُمت کو سکھلانے کے لیے کتنا صبر کیا ہے اور کیسے کیسے اُمور برداشت کیے ہیں؟اگر میں بھی(کچھ معمولی بدتمیزی پر) اپنے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی اقتدا کرتے ہوے صبر کرلوں تو شاید مجھے بھی اجروثواب میں کچھ حصہ مل جائے۔(تلخیص از مثالی اُستاد:ص۲۵) اُستاذ کو چاہیے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی پاکیزہ ومبارک نسبت کے احترام میں مہمانانِ رسول سمجھ کر شاگردوں کے ساتھ شفقت ونرمی کا معاملہ کرے۔
امام ابو یوسفؒ کا قول ہے کہ اپنے شاگردوں کے ساتھ ایسے خلوص اور محبت سے پیش آؤ کہ دوسرا دیکھے تو سمجھے کہ یہ تمہاری اولاد ہیں۔ایک جگہ ارشاد فرمایا کہ علمی مجالس میں خصوصیت کے ساتھ غصہ سے پر ہیز کرو۔
امام ربانی ؒ کے حالات میں لکھا ہے کہ ایک طالبِ علم فرش پر بیٹھا قرآن مجید پڑھ رہا تھا حضرت نے دیکھا تو اپنے نیچے فرش زیادہ پایا فی الفور زائد فرش اپنے نیچے سے نکال کر اس طالبِ علم کے لیے بچھادیا۔استاذ الکل حضر ت مولانا مملوک العلی صاحبؒ کا یہ حال تھا کہ جب طالبِ علم بیمار ہوتا تواس کی قیام گاہ پر جاکر عیادت کرتے اور اس کی ہرطرح دلجوئی کرتے؛حالاں کہ اس زمانہ میں دارالاقامہ کا انتظام نہیں تھا،مختلف مساجد اور مکانوں میں طلبہ رھتے تھے۔(تحفۂ معلم:ص۲۹)
اصحابِ تدریس کے لیے ضروری ہے کہ وہ حتی الامکان طلبہ سے خدمت لینے میں احتیاط سے کام لیں؛بلکہ اس پہلو کو مد نظر رکھ کر وقت گذاریں کہ پیار ے نبی صلی اللہ علیہ وسلم اپنا کام اپنے ہاتھ سے کر لیا کرتے تھے،اُستاذ کے لیے یہ عافیت اور فتنوں سے حفاظت کا ذریعہ ہے۔
مدرس اپنے شاگردوں کی بہتر تعلیم کے ساتھ اُنھیں دیندار بنانے کی فکر کرے؛اس کے لیے ضروری ہے کہ اولاً خود باشرع اور دیندار بنے،اپنے تلامذہ کو نماز باجماعت اور تکبیر اولیٰ کا پابند کرنے سے پہلے خود اس کا پابند ہو،حفاظتِ اوقات کی تلقین اور تشکیل سے قبل خود اس کا عملی نمونہ پیش کرے،بچوں کو خلافِ شرع کا موں سے دور رہنے اور مامورات کی تاکید کرنے سے پہلے اپنی زندگی کو شریعت وسنت کے سانچے میں ڈھالے،یقین جانیے کہ تعلیم کے ساتھ طلبہ کی تربیت کے لیے یہ طریقہ بڑا مؤثر معیاری او ر مسنون طریقہ ہے۔
شیخ الاسلام حضرت مفتی محمد تقی عثمانی دامت برکاتہم پیارے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے انداز تعلیم وتربیت پر روشنی ڈالتے ہوے لکھتے ہیں:’’احقر کی نظر میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے اندازِتربیت کی سب سے زیادہ مؤثر خصوصیت یہ ہے کہ آپ ﷺ نے اپنے پیرؤں کو جس بات کی تعلیم دی اس کا بذاتِ خود عملی نمونہ بن کر دکھایا،آپﷺ کے وعظ ونصائح اور آپ کی تعلیم وتربیت صرف دوسروں کے لیے نہ تھی؛بلکہ سب سے پہلے اپنی ذات کے لیے تھی،اللہ تعالیٰ نے بہت سے معاملات میں آپ ﷺ کو رخصت وسہولت عطا فرمائی؛لیکن آ پ ﷺ نے اس رخصت وسہولت سے فائد ہ اُٹھانے کے بجائے اپنے آپ کو دوسرے تمام مسلمانوں کی صف میں رکھنا پسند فرمایا،آپ ﷺ نے لوگوں کو نماز کی تلقین فرمائی توخود اپنا یہ عالم تھا کہ دوسرے اگر پانچ وقت کی نماز پڑھتے تو آپ آٹھ وقت نماز ادافرماتے جس میں چاشت ،اشراق اور تہجد کی نماز شامل ہیں۔آپ ﷺ نے مسلمانوں کو زکوٰۃ دینے اور اللہ کی راہ میں خرچ کرنے کی تاکید فرمائی تو سب سے پہلے خود اپنی عملی زندگی میں اس کا بے مثال نمونہ پیش کیا،عام مسلمانوں کو اپنے مال کا چالیسواں حصہ فریضے کے طور پر دینے کاحکم تھا اور اس سے زیادہ حسب ِ توفیق خرچ کرنے کی تلقین کی جاتی تھی؛لیکن خود آںحضرت ﷺ کا عمل یہ تھا کہ اپنی فوری ضرورت کو سادہ طریقے سے پورا کرنے کے بعد اپنی ساری آمدنی ضرورت مند افراد میں تقسیم فرمادیتے تھے،آپﷺ کو یہ گوارا نہ تھا کہ آپ کی وقتی ضرورت سے زائد ایک دینار بھی گھر میں باقی رہے۔
آپ ﷺ نے اپنے پیرؤں کو زہدو قناعت کی تعلیم دی تو خود اپنی زندگی میں ا س کا عملی نمونہ پیش کرکے دکھایا۔
خلاصہ یہ کہ آپ ﷺ کی تعلیم وتربیت جس نے دشمنوں کے دل جیتے اور جس نے وحشی قوم کو تہذیب وشائستگی کے بامِ عروج تک پہونچایا، اس کی سب سے بڑی خصوصیت یہ تھی کہ وہ تعلیم محض ایک فکر اور فلسفہ نہیں تھی جسے خوبصورت الفاظ کا خول چڑھا کر آ پ نے اپنے پیرؤں کے سامنے پیش کر دیا ہو؛بلکہ ایک متواتر اور پیہم عمل سے عبارت تھی۔(تعلیم وتربیت کس طرح؟:ص۸۶)
بہر حال! ہر اُستاذکے لیے پیارے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی ذات بحیثیت معلم بہترین نمونہ ہے،حافظ ،قاری،محدث،مفسر ہر طبقہ کے مدرسین طلبہ کی تعلیم وتربیت کے معاملے میں سیرت ِ طیبہ کو پڑھیں اور اس کے مطابق اپنی عملی زندگی کو ڈھال کر معلمی کے اہم واشرف منصب کے فرائض انجام دیں۔
یقینا اس طرزِ عمل کو اپنا کر ہم اپنے طلبہ کے مستقبل کو روشن بناسکیں گے اور ہماری ذاتی زندگی بھی دارین کے اعتبار سے فلاح وکامیابی اور سرخ روئی کا ذریعہ بنے گی، ان شاء اللہ۔(جاری)
—————————————–
دارالعلوم ، شمارہ : 2، جلد:103، جمادی الاول – جمادی الثانی 1440 مطابق فروری 2019ء
٭ ٭ ٭