از: مولانا محمد اللہ قاسمی
شعبۂ انٹرنیٹ، دارالعلوم دیوبند
تعطیل عید الاضحی اور اساتذئہ دارالعلوم کا سفر حج
۲۹؍ ذیقعدہ۱۴۳۹ھ مطابق ۱۲؍اگست ۲۰۱۸ء کو دیوبند واطراف دیوبند میں مطلع ابر آلود تھا۔ اسی طرح ملک کے دیگر علاقوں میں کہیں بارش اور کہیں مطلع ابر آلود ہونے کی اطلاع موصول ہورہی تھی؛ لیکن ملک کے کچھ دیگر مقامات جیسے کرمالی، راندیر، ہانسوٹ، کھروڈ (گجرات)اور سندھوا(مدھیہ پردیش) میں چاند دیکھا گیا اور چاند دیکھنے والوں سے رابطہ ہوا اور انھوں نے تصدیق کی؛ اسی لیے دارالعلوم دیوبند کی رویت ہلال کمیٹی نے اعلان کیا کہ ۲۹؍ ذیقعدہ کی رویت ثابت ہوگئی ہے ؛ اس لیے دوشنبہ ۱۳؍ اگست کو ذی الحجہ ۱۴۳۹ھ کی پہلی تاریخ ہوگی اور ۲۲؍ اگست ۲۰۱۸ء بروز چہارشنبہ عیدالاضحی منائی جائے گی۔
دارالعلوم دیوبند میں حسب معمول ۶ تا ۱۵ ؍ ذوالحجہ عید الاضحی کی تعطیل ہوئی اور طلبہ کی ایک بڑی تعداد اپنے گھروں کو روانہ ہوئی۔ عید الاضحی کی چھٹیوں میں حضرت مولانا مفتی ابوالقاسم صاحب نعمانی مہتمم دارالعلوم بھی اپنے وطن مالوف بنارس تشریف لے گئے اور حضرت مولانا عبد الخالق صاحب مدراسی نے قائم مقام مہتمم کے فرائض انجام دیے۔ ۲۲؍ اگست بروز بدھ مسجد رشید میں عید الاضحی کی نماز ادا کی گئی اور قربانی کے تینوں ایام میں دارالعلوم میں قربانی کا نظم بھی کیا گیا تھا۔
اللہ تعالی کے خصوصی فضل و کرم سے اس سال بھی دارالعلوم دیوبند سے وابستہ متعدد افراد نے حج بیت اللہ کی سعادت حاصل کی ۔ خادم الحرمین کی دعوت پر مولانا خورشید انور صاحب گیاوی اور مولانا مصلح الدین صاحب سدھارتھ نگری نے حج و زیارت کی سعادت حاصل کی۔ علاوہ ازیں،مولانا حسین احمد صاحب ہری دواری، قاری شفیق الرحمن صاحب بلند شہری اور قاری محمد طارق صاحب لکھیم پوری (اساتذئہ دارالعلوم) حج و زیارت کی دولت بے بہا سے بہرہ ور ہوئے۔ اللہ تعالیٰ قبولیت سے نوازے اور ہم سب کو حج مبرور نصیب فرمائے۔
حضرت مولانا نور عالم خلیل امینی صاحب کو عربی خدمات کے لیے صدرجمہوریہ ایوارڈ
دارالعلوم دیوبند کے موقر استاذ حضرت مولانا نور عالم خلیل امینی صاحب کو عربی زبان و ادب کی نمایاں خدمات انجام دینے کے لیے ۲۰۱۷ء صدر جمہوریہ ایوارڈ کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔ ۱۵؍اگست کو وزارت ترقی انسانی وسائل کی طرف سے جاری کردہ پریس نوٹ میں عربی اور دیگرکئی زبانوں میں نمایاں خدمات انجام دینے والی شخصیات کو صدر جمہوریہ ایوارڈ دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔
حضرت مولانا نور عالم خلیل امینی دارالعلوم دیوبند میں عربی زبان و ادب کے استاذ اور دارالعلوم کے عربی ترجمان مجلہ ماہنامہ الداعی کے چیف ایڈیٹر ہیں۔ماہنامہ الداعی نے عربی صحافت کے میدان میں نمایاں خدمات انجام دی ہیں اور اس کی تحریریں عالم عرب میں بھی قدر کی نگاہوں سے دیکھی جاتی ہیں۔ حضرت مولانا مسلسل چار دہائیوں سے عربی ادب و صحافت سے وابستہ ہیں اور اس وقت انھیں عربی زبان کے نمایاں ادیب اور بابصیرت صحافی کے طور پر دیکھا جاتا ہے۔ اب تک آپ کی ایک درجن سے زائد عربی اور اردو کتابیں شائع ہوکر قبول عام حاصل کرچکی ہیں جن میں ’’مفتاح العربیۃ‘‘، ’’فلسطین في انتظار صلاح دین‘‘، ’’متی تکون الکتابات مؤثرۃ‘‘، ’’وہ کوہ کن کی بات‘‘، ’’پسِ مرگ زندہ‘‘ وغیرہ اہم اور قابلِ ذکر ہیں۔
—————————————-
دارالعلوم ، شمارہ : 9، جلد:102، ذی الحجہ1439ھ- محرم 1440ھ مطابق ستمبر 2018ء
٭ ٭ ٭