ادارہ

دارالعلوم دیوبند كو اللہ رب العزت نے جو مرجعیت و محبوبیت عطاء فرمائی ہے‏، اس كا ایك مظہر یہ ہے كہ دارالعلوم كے فضلاء و بہی خواہان اور ملتِ اسلامیہ كے تمام ہی طبقات‏، دارالعلوم كے تازہ حالات سے واقفیت كے خواہش مند رہتے ہیں‏؛ اسی لیے یہ چیز ماہ نامہ دارالعلوم كے مقاصد میں بھی شامل ہے؛ چنانچہ پہلے بھی حسبِ موقع حالات و واقعات كی اشاعت كا سلسلہ رہا ہے۔ اب امید ہے كہ آئندہ یہ عنوان رسالہ كا مستقل حصہ رہے گا‏، ان شاء اللہ۔

مجلسِ شوریٰ کا اجلاس

دارالعلوم دیوبند کے نظام میں مجلسِ شوریٰ کو بنیادی اہمیت حاصل ہے، تمام اہم معاملات میں فیصلے کا اختیار مجلسِ شوریٰ ہی کو ہوتا ہے۔ دارالعلوم کے تمام ذمہ داران اور ان کے واسطے سے تمام خدام وکارکنان، مجلسِ شوریٰ کو جواب دہ ہوتے ہیں۔ شوریٰ کے سال میں دو اجلاس ہوتے ہیں ایک ہجری سال کے آغاز (محرم یا صفر) میں اور دوسرا تعلیمی سال کے اختتام پر ماہ شعبان میں۔ پہلے اجلاس کا مرکزی موضوع سالانہ بجٹ ہوتا ہے، دوسرے اجلاس کا اصل موضوع تعلیمی امور ہوتے ہیں۔ ان دونوں اجلاسوں میں حسبِ ضرورت دیگر موضوعات زیر بحث آتے ہیں۔

اسی معمول کے مطابق ۱۲،۱۳/صفر ۱۴۳۸ھ مطابق ۱۳،۱۴/نومبر ۲۰۱۶/ اتوار پیر کو مجلس شوریٰ کا اجلاس مہمان خانہ دارالعلوم میں منعقد ہوا۔ جس میں سالِ رواں کے لیے انتیس کروڑ، انہترلاکھ، پچانوے ہزار کا بجٹ منظور کیاگیا۔ مختلف شعبوں کی رپورٹیں پیش ہوئیں۔ حسبِ ضرورت متعدد انتظامی تبدیلیاں عمل میں آئیں۔ سابقہ مجلس کی کارروائی کی خواندگی وتوثیق بھی کی گئی۔

اس اجلاس میں شرکت فرمانے والے اراکین حسبِ ذیل ہیں:

حضرت مولانا مفتی ابوالقاسم نعمانی صاحب (مہتمم دارالعلوم دیوبند)، حضرت مولانا مفتی سعید احمد صاحب پالن پوری (صدرالمدرسین دارالعلوم دیوبند)، حضرت مولانا غلام محمد وستانوی (اکل کوا)، حضرت مولانا عبدالعلیم فاروقی (لکھنوٴ)، حضرت مولانا ملک محمد ابراہیم صاحب (میل وشارم)، حضرت مولانا مفتی محمد اسماعیل صاحب (مالیگاؤں)، حضرت مولانا مفتی احمد خان پوری (ڈابھیل)، حضرت حکیم کلیم اللہ صاحب (علی گڈھ)، حضرت مولانا رحمت اللہ صاحب (کشمیر)، حضرت مولانا انوارالرحمن صاحب (بجنور)، حضرت مولانا اشتیاق احمد صاحب (مظفرپور، موصوف نے اجلاس کی صدارت فرمائی)

ترکی مہمانوں کی آمد

۱۸/صفر ۱۴۳۸ھ مطابق ۱۹/نومبر ۲۰۱۶/ بروز ہفتہ ترکی سے دو موقر مہمان شیخ حمدی محمود ارسلان، استاذِ جامعة الفاتح استنبول (قسطنطنیہ) اور محترم سردار پاشا ممثلِ جامعة الفاتح اسنبول تشریف لائے۔

مہمان خانہ میں حضرت مہتمم صاحب دامت برکاتہم سے ان حضرات کی ملاقات ہوئی، استقبال کرنے والوں میں حضرت مولانا عبدالخالق صاحب سنبھلی نائب مہتمم دارالعلوم دیوبند، جناب مولانا شوکت علی صاحب بستوی استاذِ تفسیر وادب وناظم عمومی رابطہٴ مدارسِ اسلامیہ عربیہ دارالعلوم دیوبند، جناب مولانا عارف جمیل صاحب استاذِ تفسیر وادب ومعاون مدیر مجلہ الداعی اور مولانا محمد سلمان بجنوری استاذِ فقہ وادب ومدیر ماہ نامہ دارالعلوم دیوبند شامل تھے۔

موقر مہمانوں نے ترکی کے ناکام انقلاب کے بعد وہاں کے حالات اور حکومتی اقدامات کی وضاحت کی، دارالعلوم دیوبند کی جانب سے جناب مولانا شوکت علی صاحب نے استقبالیہ کلمات کے ساتھ ترکی حکومت اور ترک قوم کے لیے نصرت وحمایت کے جذبات کا اظہار کیا، حضرت مہتمم صاحب دامت برکاتہم نے نیک خواہشات پیش کیں۔ وفد نے دارالعلوم دیوبند کا شکریہ ادا کیا اور معائنہ رجسٹر میں اپنے گہرے قلبی تاثرات قلم بند کیے۔

——————————————–

ماہنامہ دارالعلوم ‏، شمارہ12، جلد:100 ‏، ربیع الاول 1438 ہجری مطابق دسمبر 2016ء

Related Posts