خلف الصدق حضرت شیخ الحدیث قدس سرہ
مکرمان ومحترمان وبہی خواہان مدارس ومکاتب ومشائخ سلسلہ حضرت تھانوی وحضرت مدنی وحضرت شاہ عبدالقادر وحضرت شیخ نوراللہ مراقدہم اور ان کے خلفاء اور ان کے خلفاء کے خلفاء وممبرانِ دارالعلوم دیوبند وسرپرستان مدرسہ مظاہرعلوم ومہتممان مدرسہ ونظماء مدارس۔
السلام علیکم ورحمة اللہ وبرکاتہ
بندہ باعافیت ہے امید ہے کہ آپ باعافیت ہوں گے۔ مدارس و مکاتب کے عملہ کے سدھار کی بھی ضرورت ہے اور طلباء کے بھی اور علاقہ کے مسلمانوں کے گھرانوں کے سدھار کی بھی ضرورت ہے کسانوں مصالحہ والوں اور کپڑوں والوں کی خصوصاً عمومی تاجروں کی عموماً سدھار کی ضرورت ہے آج کا کسان اور تاجر زکوٰة روک رہا ہے اور سود لے کر کھیتی اور گنا تیار کررہا ہے تبلیغ والے خانقاہ والے سب وہی سود والا غلہ اور سود والی شکر کھاتے ہیں ان تاجروں کو سمجھا کر زکوٰة کا اہتمام کرائیں سود سے بچنے کی تاکید کریں سرکار نئی نئی تدبیروں سے سود بانٹ رہی ہے ان کو معلوم ہے مسلمانوں کے کاروبار میں سود لگوادو تو اسکا بھٹہ بیٹھ جائے گا اور اپنا فائدہ ہوجائے گا میں اوپر کے حضرات کے توسط سے سبھی امت سے درخواست کرتا ہوں کہ زکوٰة دے کر مال کو پاک کرے اور سود سے بچ کر کاروبار چاہے کھیتی ہو چاہے گنا ہو مصالحہ کا کاروبار ہو تمام حلال طریقہ پر مہیا ہو ہماری دعاؤں میں جان پڑے اور ظالموں اور جابروں سے نجات حاصل ہو۔ مدرسوں میں اس کی شایان شان عملہ نہیں وہاں بھی سدھار لانے کی ضرورت ہے۔ داڑھی کٹی ہوئی انگریزی لباس انگریزی بال ایسا عملہ مدرسہ کے شایان شان نہیں داخلہ کے وقت طلباء کی بہت چھان بین ہوتی ہے وضع قطع بھی دیکھی جاتی ہے لباس پر بھی نظر ہوتی ہے اور داخلہ کے بعد کوئی نگرانی نہیں۔ وضع قطع بھی بگڑ جاتی ہے انگریزی بال ہوتے ہیں داڑھی متاثر ہوجاتی ہے ٹخنے بھی ڈھکے ہوئے ہوتے ہیں اوپر والے حضرات سے درخواست کرتا ہوں سبھی حضرات اپنے مدرسوں پر کڑی نظر رکھیں تاکہ طلباء صحیح تیارہوکر صحیح عالم بن کر امت کا مقتدا بن سکیں اور طلباء میں دروازہ بند ہوجانے کے بعد نگراں کے جانے کے بعد غلط کتابوں کا مطالعہ ہوتا ہے جو ان کے لئے نقصان دہ ہوتا ہے اوراس وقت نگراں کا وقت بھی نہیں ہوتا نظماء کا بھی آرام کا وقت ہوتا ہے اس کا کوئی حل کرنا چاہئے، تبلیغ ہو تعلیم ہو تذکیر ہو ہر وقت نگراں نہیں ہوگا ہم سب خود اپنے اوقات کو ضائع کرنسے بچائیں اور اللہ تعالیٰ مجھے اور احباب واکابر کو بھی اس کی توفیق عطا فرمائے۔
ماہنامہ دارالعلوم ، شماره 5 ، جلد: 94 ، جمادی الاول – جمادی الثانی 1431ہجری مطابق مئی 2010 ء