دارالعلوم دیوبند کی مجلس عاملہ کا اجلاس ذوالقعدہ ۱۴۴۲ھ مطابق جون 2021

دارالعلوم دیوبند کی مجلس عاملہ کا اجلاس اجلاس ۱۰/ ذوالقعدہ ۱۴۴۲ھ مطابق ۲۱/جون ۲۰۲۱ء پیر کو دارالعلوم کے مہمان خانہ میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں مہتمم دارالعلوم حضرت مولانا مفتی ابوالقاسم نعمانی ، صدر المدرسین حضرت مولانا سید ارشد مدنی کے علاوہ حضرت مولانا بدر الدین اجمل قاسمی، حضرت مولانا عبدالعلیم فاروقی،حضرت مولانا مفتی محمد اسماعیل مالیگاوٴ ں، حضرت مولانا رحمت اللہ کشمیری، حضرت مولانا انوارالرحمن بجنوری، حضرت مولانامحمود راجستھانی شریک ہوئے۔ مجلس عاملہ کے رکن حضرت مولانا ملک محمد ابراہیم صاحب کسی عذر کی وجہ سے شریک اجلاس نہ ہوسکے۔
اجلاس میں حال ہی میں دارالعلوم کے متعدد موقر اساتذہ (حضرت مولانا قاری محمد عثمان منصور پوری، حضرت مولانا نور عالم خلیل امینی ، حضرت مولانا حبیب الرحمن اعظمیوغیرہم) کے انتقال پر رنج و غم کے اظہار کے ساتھ ان کی ارواح کے لیے ایصال ثواب کیا گیا اور ان کے لیے دعائے مغفرت کی گئی۔
مجلس عاملہ کے اجلاس میں حسب معمول اجلاس مجلس شوری منعقدہ ماہ شعبان ۱۴۴۲ھ کی کاروائی کی خواندگی عمل میں آئی اور خواندگی کے دوران زیر غور مسائل پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں مجلس تعلیمی کی رپورٹ پیش کی گئی اور تعلیم سے متعلق امور پر اہم فیصلے لیے گئے ۔
اجلاس میں دارالعلوم کے تعمیری و انتظامی امور پر بھی غور و خوض ہوا اور ضروری فیصلے لیے گئے۔ سال رواں کے ابتدائی مہینوں میں دارالعلوم میں اصلاح معاشرہ کمیٹی اور تحقیق و تالیف کمیٹی کے نام سے جن دو دفاتر کا آغاز ہوا تھا، ان کو بالترتیب رابطہٴ مدارس عربیہ اور شیخ الہند اکیڈمی میں ضم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اب ان کمیٹیوں سے متعلق تقریر و تحریر کے امور مذکورہ بالا دونوں شعبہ جات کے ذریعہ انجام پائیں گے۔
الغرض اہم تعلیمی و انتظامی تجاویز کی منظوری اور ملک وملت کے لیے دعاوٴ ں کے ساتھ مجلس عاملہ کا یہ اجلاس بہ خیر و خوبی اختتام پذیر ہوا۔

Related Posts