از: ڈاکٹر نوشاد عالم
سوپول بازار، بیرول، دربھنگہ
بعض حضرات کو یہ مغالطہ ہوگیا ہے کہ سکندر مقدونی ہی وہ ذوالقرنین ہے جس کا ذکر قرآن شریف کے سورئہ کہف میں کیا گیا ہے، یہ قول بہ اتفاق جمہور علماء سلف وخلف قطعاً باطل ہے، اس لیے کہ قرآن شریف کی تصریحات کے مطابق ذوالقرنین صاحبِ ایمان اور مرد صالح بادشاہ تھا جب کہ سکندر مقدونی مشرک اور جابر بادشاہ گذرا ہے، جس کے شرک وظلم کی صحیح تاریخ خود اس کے بعض امرائے دربار نے بھی مرتب کی ہے اور تمام معاصرانہ شہادتیں بھی اس کے بت پرست اور جابر وظالم ہونے پر متفق ہیں۔
امام بخاری رحمہ الله نے کتاب ’’احادیث الانبیاء‘‘ میں ذوالقرنین کے واقعہ کو حضرت ابراہیم علیہ السلام کے تذکرہ سے قبل نقل کیا ہے اس کی شرح کرتے ہوئے حافظ ابن حجر تحریر فرماتے ہیں:
وَفِيْ اِیْرَادِ الْمُصَنِّفِ تَرْجَمَةَ ذِي الْقَرْنَیْنِ قَبْلَ اِبْرَاھِیْمَ اِشَارَةٌ اِلٰی تَوْھِیْنِ قَوْلِ مَنْ زَعَمَ اِنَّہُ الْاِسْکَنْدَرُ الْیُونَانِيْ․
’’مصنف نے ذوالقرنین کے واقعہ کو حضرت ابراہیم علیہ السلام کے تذکرہ سے قبل اس لیے بیان کیا ہے کہ وہ اس شخص کے قول کو کمزور کرنا چاہتے ہیں جو سکندر یونانی کو ذوالقرنین کہتا ہے۔‘‘ (فتح الباری ج۶ ص۲۹۴)
اور پھر حافظ ابن حجر رحمہ الله نے اپنی جانب سے تین وجوہ فرق بیان کرکے یہ ثابت کیا ہے کہ سکندر یونانی کسی طرح بھی قرآن شریف میں مذکور ذوالقرنین نہیں ہوسکتا ہے، انھوں نے یہ بھی تصریح کی ہے کہ جن حضرات نے سکندر مقدونی کو ذوالقرنین کہا ہے غالباً ان کو اس روایت سے مغالطہ ہوا ہے، جو طبری نے اپنی تفسیر میں اور محمد بن ربیع جیزی نے ’’کتاب الصحابہ‘‘ میں نقل کی ہے اور جس میں اس کو رومی اور بانی اسکندریہ کہاگیا ہے، مگر یہ روایت ضعیف اور ناقابل اعتماد ہے (فتح الباری ج۶ ص۲۹۴) اور حافظ عماد الدین ابن کثیر رحمہ الله ذوالقرنین کے نام کی تعیین سے متعلق مختلف اقوال نقل کرتے ہوئے ارشاد فرماتے ہیں:
اسحق بن بشیر نے بروایت سعید بن بشیر قتادہ سے نقل کیا ہے کہ ذوالقرنین کا نام سکندر تھا، اور یہ سام بن نوح علیہ السلام کی نسل سے تھا، لیکن بعض لوگ اسکندر بن فیلپس (مقدونی) کو بھی ذوالقرنین کہنے لگے ہیں، جو رومی اور بانی اسکندریہ ہے، مگر واضح رہے کہ یہ دوسرا ذوالقرنین پہلے سے بہت زمانہ بعد پیدا ہوا ہے؛ کیوں کہ سکندر مقدونی حضرت مسیح علیہ السلام سے تقریباً تین سو سال قبل ہوا ہے اور مشہور فلسفی اور ارسطاطالیس اس کا وزیر تھا اور یہ ہی وہ بادشاہ ہے جس نے دارا بن دارا کو قتل کیا اور فارس کے بادشاہ کو ذلیل کرکے ان کے ملک پر قبضہ کرلیا، ہم نے یہ تنبیہ اس لیے کردی کہ بہت سے آدمی یہ اعتقاد رکھتے ہیں کہ یہ دونوں ایک ہی شخصیت ہیں اور یہ اعتقاد کربیٹھے ہیں کہ قرآن شریف میں جس ذوالقرنین کا ذکر ہے، وہ یہی سکندر مقدونی ہے، جس کا وزیر ارسطاطالیس فلسفی تھا اور اس اعتقاد کی بدولت بہت بڑی غلطی اور بہت زیادہ خرابی پیدا ہوجاتی ہے؛ اس لیے کہ ذوالقرنین اوّل مسلمان اور عادل بادشاہ تھا اور اس کے وزیر خضرعلیہ السلام تھے اور دوسرا (مقدونی) مشرک تھا اور اس کا وزیر فلسفی تھا اور ان دونوں کے درمیان تقریباً ہزار سال سے بھی زیادہ کا فصل ہے۔
پس کہاں یہ (مقدونی) اور کہاں (وہ عربی سامی) ان دونوں کے درمیان اس درجہ امتیازات ہیں کہ ماسوا غبی اور حقائق سے نا آشنا شخص کے دوسرا کوئی شخص ان دونوں کو ایک کہنے کی جرأت نہیں کرسکتا۔ (البدایہ والنہایہ ج۲ ص ۱۰۶-۱۰۵)
اور امام رازی رحمہ الله نے اگرچہ سکندر مقدونی کو ذوالقرنین کا لقب دیا ہے بایں ہمہ ان کو بھی یہ اقرار ہے:
کَاْنَ ذُوالْقَرْنَیْنِ نَبِیًّا وَکَاْنَ الْاِسْکَنْدَرُ کَافِرًا وَکَانَ مُعَلِّمُہُ اَرَسْطَاطَالِیْسَ وَکَانَ یَأتَمِرُ بِاَمْرِہُ وَھُوَ مِنَ الْکُفَّارِ بِلاَشَکٍّ․
’’ذوالقرنین نبی تھے اور سکندرمقدونی کافر تھا، اس کا معلم ارسطاطالیس تھا، وہ اس کے حکم کی تابعداری کرتا تھا، وہ بلاشبہ کافر تھا۔‘‘
حافظ ابن حجر رحمہ الله نے اس مغالطہ کی وجہ یہ نقل کی ہے کہ چوں کہ قرآن شریف میں مذکورہ ذوالقرنین مقتدا ہے اور وہ وسیع حکومت کا مالک رہا ہے، اور سکندریونانی بھی وسیع حکومت حکمراں رہا ہے، اس لیے اس کو بھی ذوالقرنین کہنے لگے، اس لیے کہ وہ دو مملکت روم اور فارس کا بادشاہ ہوگیا تھا اور دوسری جگہ فرماتے ہیں کہ سب سے پہلے محمد بن اسحق نے اپنی سیرت میں ذوالقرنین کا نام سکندر نقل کردیا ہے اور چونکہ اس کی سیرت بہت مشہور ومقبول ہے؛ اس لیے یہ نام بھی شہرت پاگیا اور حافظ عماد الدین رحمہ الله کا خیال یہ ہے کہ چونکہ اسحق بن بشر کی روایت میں قرآن میں مذکورہ ذوالقرنین کا نام بھی سکندر بتایاگیا ہے، اس لیے غلطی اور نادانی سے لوگوں نے یہ سمجھ لیا کہ سکندر مقدونی ہی ذوالقرنین ہے۔
غرض حافظ حدیث شیخ الاسلام ابن تیمیہ، ابن عبدالبر، زہیر بن بکّار، ابن حجر، ابن کثیر، علامہ عینی رحمہم اللہ تعالیٰ جیسے محققین نے اس مغالطہ کی پوری طرح تردید کردی اور حقیقت بھی یہ ہے کہ قرآن نے ذوالقرنین کے جو محاسن ومناقب بیان کیے ہیں ان کے پیش نظر ایک بت پرست اور جابر وظالم شخص کو ان کا مصداق بنانا فاش غلطی ہے۔
یہ بھی واضح رہے کہ وسعت حکومت اور زبردست سطوت وصولت کے لحاظ سے جس طرح بعض حضرات نے سکندر مقدونی کو ذوالقرنین کا لقب دے دیا ہے، اسی طرح یمن کے بعض تبابعہ کو بھی اہل عرب وسعت حکومت کی بنا پر ذوالقرنین کہتے آئے ہیں، مثلاً ابوکرب تبع نے اپنے دادا کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے:
قَدْ کَانَ ذُوالْقَرْنَیْنِ جَدِّی مُسْلِمًا مَلِکاً تُدَیِّنُ لَہُ الْمُلُوْکُ وَتَسْجُدُ
’’میرا دادا ذوالقرنین (امراء القیس) مسلمان تھا اور ایسا پرشوکت بادشاہ تھا کہ بہت سے بادشاہ اس کے تابع فرماں اور اس کے سامنے پست تھے۔‘‘
اور عرب کے مشہور شعراء امراء القیس، اوس بن حجر اور طرفہ بن عبدہ وغیرہ کے کلام میں بھی حمیری بادشاہوں کو ذوالقرنین کہا گیا ہے۔
اسی طرح ایرانی باشاہوں میں سے اہل عرب کیقباد اور فریدوں کو بھی ان کی قاہرانہ فتوحات کی وجہ سے ذوالقرنین کہتے تھے۔
مگر یہ سب مسطورہ بالاوجہ کی بنیاد پر ہی ذوالقرنین کہلاتے رہے ہیں اور قرآن شریف میں مذکورہ ذوالقرنین میں سے کوئی نہیں ہے۔
چنانچہ حضرت استاذ الاساتذہ، محقق عصر، ممتاز محدث دارالعلوم دیوبند علامہ سید محمد انور شاہ کشمیری رحمہ الله نے اس حقیقت کو بخوبی واضح کریا ہے، فرماتے ہیں:
وَالرَّاجِحُ اَنَّہُ لَیْسَ مِنْ اَذْوَاءِ الْیَمَنِ وَلاَ کَیْقَبَادَ بْنِ مُلُوْکِ الْعَجَمِ وَلاَ ھُوَ اِسْکَنْدَرُ بْنُ فَیْلَفُوْسَ بَلْ مَلِکٌ اٰخَرٌ مِنَ الصَّالِحِیْنَ یَنْتَھِیْ نَسَبُہُ اِلَی الْعَرَبِ الْسَامِیِیْنَ الْاَوَّلِیْنَ ذَکَرَہُ صَاحِبُ النَّاسِخِ․
’’اور راجح یہ ہے کہ ذوالقرنین (مذکور فی القرآن) نہ یمن کے بادشاہوں میں سے تھا اور نہ شاہان عجم میں سے کیقباد ذوالقرنین تھا اور نہ سکندربن فیلفوس (مقدونی) ہی ذوالقرنین تھا؛ بل کہ وہ ان سب سے جدا ایک نیک بادشاہوں میں سے تھا، جن کا نسب قدیم سامی عرب تک پہنچتا ہے، ناسخ التواریخ کے مصنف رحمہ الله نے ایسا ہی کہا ہے۔
نام کی طرح اس کے لقب ’’ذوالقرنین‘‘ کے متعلق بھی درج ذیل متعدد احتمالات ہیں:
(۱) ذوالقرنین اس لیے کہا گیا کہ وہ روم وفارس دومملکتوں کا مالک تھا اور قرن جس کے معنی ’’سینگ‘‘ کے ہیں بطور استعارہ کے طاقت وحکومت کے معنی میں استعمال ہوا ہے، یعنی دوحکومتوں کا والی اور مالک، یہ رائے اہل کتاب کی جانب منسوب ہے اور بعض مفسرین کا رجحان بھی اسی جانب ہے۔
(۲) وہ فتوحات کرتا ہوا اقصائے مشرق ومغرب تک پہنچا اور دونوں جہات میں بہت سے ممالک پر قابض ومسلط ہوا، یہ زہری کا قول ہے۔
(۳) وہب بن منبہ رحمہ الله کی رائے یہ ہے کہ ذوالقرنین کے سر میں دونوں جانب سینگ کے مشابہ تانبے کے سے غدود ابھرے ہوئے تھے۔
(۴) حضرت حسن بصری رحمہ الله کی رائے ہے کہ اس کی زلفیں دراز تھیں اور وہ ہمیشہ اپنے بالوں کو دو حصے کرتا اور ان کی پٹیاں گوندھ کر دونوں کاندھوں پر ڈالے رکھتا تھا، ان دونوں کو ’’قرن‘‘ سے تشبیہ دے کر اس کو یہ لقب دیاگیا۔
(۵) حضرت علی رضي الله عنہ کی جانب منسوب ہے کہ ’’ذوالقرنین‘‘ ایک جابر بادشاہ کو یا اپنی قوم کو توحید کی دعوت دی، بادشاہ یا قوم نے غضبناک ہوکر اس کے سرکے ایک جانب ایسی سخت چوٹ لگائی کہ وہ مرگیا، اس کے بعد دوبارہ زندہ ہوکر پھر تبلیغ کا فرض انجام دیا،اس مرتبہ دوسری جانب چوٹ مارکرقوم نے اس کو شہید کردیا، اس ضرب سے اس کے سرپر جو نشان پڑگئے تھے، اس وجہ سے اس کو یہ لقب دیاگیا۔
(۶) وہ نجیب الطرفین تھا اس لیے والدین کی نجابت کو قرنین سے تشبیہ دی گئی اور ’’ذوالقرنین‘‘ لقب ہوا۔
(۷) اس نے اس قدر طویل عمر پائی کہ انسانی دنیا کے دو قرن (صدیوں) زندہ رہا۔
(۸) وہ جب جنگ کرتا تھا تو بیک وقت دونوں ہاتھوں سے ہتھیار چلاتا؛ بلکہ دونوں رکابوں سے بھی ٹھوکر لگاتا تھا۔
(۹) اس نے زمین کی تاریکی اور روشنی دونوں حصوں کی سیاحت کی۔
(۱۰) ذوالقرنین ظاہر وباطن دونوں علوم کا حامل تھا۔
(فتح الباری ج۶ وتاریخ ابن کثیر ج۲، ودائرة المعارف بستانی ج۸ ص ۴۱۱)
***
—————————–
ماہنامہ دارالعلوم ، شمارہ 4 ، جلد: 95 ، جمادی الاولی 1432 ہجری مطابق اپریل 2011ء