عوام الناس کی اطلاع کے لیے واضح کیا جاتا ہے کہ دارالعلوم دیوبند کے نام سے مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز، خصوصاً واٹس ایپ، فیس بک، یوٹیوب، انسٹاگرام اور دیگر ذرائع پر چلائے جانے والے بعض اکاؤنٹس اور چینلز کے سلسلے میں عوام کو اشتباہ ہو سکتا ہے۔ اس لیے ادارے کی جانب سے یہ وضاحت ضروری ہے کہ دارالعلوم دیوبند کا سوشل میڈیا پر کوئی آفیشیل اکاؤنٹ یا چینل نہیں ہے۔
دارالعلوم دیوبند کی جانب سے اس سے قبل بھی باضابطہ اعلان کیا جا چکا ہے کہ سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمز پر دارالعلوم دیوبند کے نام سے چلائے جانے والے اکاؤنٹس اس کے آفیشیل اکاؤنٹس نہیں ہیں۔ ادارے کی صرف اس کی دو آفیشیل ویب سائٹس ہیں جو حسب ذیل ہیں:
ویب سائٹ برائے تعارف و اعلانات وغیرہ : www.darululoom-deoband.com
ویب سائٹ برائے دینی رہ نمائی : www.darulifta-deoband.com
اسی سلسلے میں وضاحت کی جاتی ہے کہ واٹس ایپ سمیت کسی بھی سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر دارالعلوم دیوبند یا اس کے دارالافتاء کے نام سے چلائے جانے والے چینلز اور اکاؤنٹس سے ادارے کا کوئی تعلق نہیں ہے ۔ لہٰذا عوام الناس ایسے ذرائع سے شائع ہونے والے مواد کو دارالعلوم دیوبند یا اس کے شعبۂ دارالافتاء کی طرف منسوب نہ سمجھیں اور دینی رہنمائی کے لیے ادارے کی آفیشیل ویب سائٹ سے رجوع کریں۔
اسی طرح تمام حضرات سے بھی گزارش ہے کہ دارالعلوم دیوبند یا دارالافتاء کے نام سے سوشل میڈیا پر ایسے اکاؤنٹس یا چینلز بنانے سے گریز کریں جن سے دارالعلوم کی طرف انتساب کا تاثر پیدا ہو۔ کسی معتبر دینی ادارے کے نام سے غیر سرکاری اکاؤنٹ یا چینل چلانے سے عوام الناس میں غلط فہمی اور اشتباہ پیدا ہونے کا اندیشہ رہتا ہے، اس لیے ضروری ہے کہ اداروں کی شناخت، نسبت اور نمائندگی کے معاملے میں پوری احتیاط برتی جائے۔
دارالعلوم دیوبند کے نام، وقار اور اعتماد کا تقاضا ہے کہ اس کی طرف منسوب ہر اطلاع اور مواد کی نسبت واضح اور مستند ہو۔ تمام متعلقین سے توقع ہے کہ وہ اس سلسلے میں تعاون کریں گے اور عوام الناس کو بھی اس وضاحت سے آگاہ کریں گے، تاکہ کسی قسم کی غلط فہمی سے بچا جا سکے۔
سابقہ اعلان کا لنک: https://darululoom-deoband.com/news/?p=585
